ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورو کے قریب سولیا ندی میں مچھلی پکڑنے کے دوران کرنٹ لگنے سے دو افراد ہلاک، نابالغ زخمی

مینگلورو کے قریب سولیا ندی میں مچھلی پکڑنے کے دوران کرنٹ لگنے سے دو افراد ہلاک، نابالغ زخمی

Tue, 13 Oct 2026 17:31:42    S O News
sullia drowned

مینگلورو  ، 13 /اکتوبر (ایس او نیوز ) کرناٹک کے دکشن کنڑا ضلع میں  سولیا تعلقہ کے کلمڈکا گاؤں میں ندی میں مچھلی پکڑنے کے دوران مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر بچھائی گئی بجلی کی تاروں کی زد میں آنے سے دو افراد کی موت ہوگئی، جبکہ ایک نابالغ لڑکا شدید زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ پیر، 12 اکتوبر کی رات پیش آیا۔

مہلوکین کی شناخت کلمڈکا گاؤں کے بھارت (28) اور بیلتنگڈی تعلقہ کے گروواینکیرے کے رہنے والے رمیش عرف گنیش (36) کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں ایک نابالغ لڑکے کے ساتھ کلمڈکا گاؤں کے ہولے کیرے علاقے میں ندی سے مچھلیاں پکڑ رہے تھے۔

اطلاع کے مطابق، ندی کے قریب مدھوسودھن بھٹ کی ملکیت والے سپاری کے باغ میں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر بجلی کی تاریں بچھائی گئی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان تاروں سے ندی کے پانی میں بھی بجلی کا کرنٹ پھیل گیا، جس کی زد میں آکر بھارت اور رمیش موقع پر ہی گر پڑے اور ان کی موت ہوگئی۔ ان کے ساتھ موجود نابالغ لڑکا بھی کرنٹ لگنے سے زخمی ہوگیا۔

واقعے کے بعد لڑکے نے اپنے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔ مقامی افراد تینوں کو سلیا کے کے وی جی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے بھارت اور رمیش کو مردہ قرار دے دیا۔ زخمی لڑکے کو اسپتال میں داخل کرکے علاج کیا جا رہا ہے۔

پتہ چلا ہے کہ باغ میں جنگلی سوروں کو روکنے کے لیے بجلی کی تاریں بچھائی گئی تھیں۔ جس سے انجان یہ لوگ  مچھلیاں پکڑنے کے لیے گھر کے قریب ندی میں گئے تھے، جہاں وہ ان تاروں کی زد میں آگئے۔

مقامی پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے


Share: