ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / SIR فارم 7 کے مبینہ غلط استعمال کا الزام؛ اقلیتی ووٹروں کے نام حذف کرانے کی درخواستوں پر فوجداری مقدمات کا مطالبہ

SIR فارم 7 کے مبینہ غلط استعمال کا الزام؛ اقلیتی ووٹروں کے نام حذف کرانے کی درخواستوں پر فوجداری مقدمات کا مطالبہ

Wed, 07 Oct 2026 11:54:14    S O News
SIR فارم 7 کے مبینہ غلط استعمال کا الزام؛ اقلیتی ووٹروں کے نام حذف کرانے کی درخواستوں پر فوجداری مقدمات کا مطالبہ

منگلورو، 7 اکتوبر (ایس او نیوز): جنوبی کنڑا ضلع کانگریس اقلیتی شعبے نے الزام عائد کیا ہے کہ SIR فارم 7 کا مبینہ غلط استعمال کرتے ہوئے اقلیتی ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کرانے کے لیے درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ شعبے کے عہدیداروں نے اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع ڈپٹی کمشنر کو شکایت پیش کی ہے۔

پڈیل میں واقع ڈپٹی کمشنر دفتر میں پیر کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجو کے. کو یادداشت پیش کرنے کے بعد اقلیتی شعبے کے صدر شاہل حمید نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بیلتنگڈی اور پُتّور میں مسلمانوں اور عیسائی ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کرانے کے لیے بی جے پی دفاتر سے پہلے سے پرنٹ شدہ فارم 7 جمع کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دستاویزات دستیاب ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جانے چاہئیں۔

شاہل حمید نے مطالبہ کیا کہ فارم 7 کے تحت جمع کرائی گئی بڑی تعداد میں درخواستوں کی اسمبلی حلقہ وار جانچ کی جائے۔ اگر کسی ایک شخص، گروپ یا ادارے کی جانب سے غیر معمولی تعداد میں فارم 7 کی درخواستیں جمع کرائی گئی ہوں تو ان کی خصوصی جانچ کی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق، بیلتنگڈی کے چند بوتھوں میں ہی 275 اور پُتّور کے دو بوتھوں میں 19 اقلیتی ووٹروں کے نام حذف کرانے کے لیے بی جے پی کی جانب سے درخواستیں جمع کرائے جانے کا پتہ چلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرست میں درج کسی شخص کا نام حذف کرانے کے لیے درخواست دینے کی گنجائش موجود ہے، تاہم فارم 7 کی رہنما ہدایات کے مطابق درخواست میں درج وجہ سے متعلق ثبوت فراہم کرنے کی ذمہ داری درخواست گزار کی ہوتی ہے۔ اسی بنیاد پر انہوں نے درخواستیں جمع کرانے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

شاہل حمید نے مزید الزام لگایا کہ پُتّور اسمبلی حلقہ بی جے پی کی جانب سے پارٹی کے لیٹر ہیڈ پر اقلیتی ووٹروں کے نام انتخابی فہرست سے حذف کرنے کے لیے انتخابی افسر کو درخواست دی گئی ہے۔

اس موقع پر اقلیتی شعبے کے جنرل سکریٹری آلون پرکاش سکیرا، نائب صدور جارج ٹی. وی. اور سابیتا مسکیتھ، ایس سی/ایس ٹی شعبے کے ضلعی صدر دنیش مولور، خزانچی محمد بپّلیگے، سابق کارپوریٹر عبدالروف اور بی حبیب اللہ خالد پُلابے موجود تھے۔

mangaluru congress sir sahul hamed (2)


Share: