بھٹکل، 7 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل بندر سے قریب 10 ناٹیکل میل دور اور نیترانی جزیرہ کے قریب ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے تعلق سے پولیس کو شبہ ہے کہ اس کی موت تقریباً چھ سے سات روز قبل سمندر میں ڈوبنے سے ہوئی ہوگی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 40 سے 50 سال، قد تقریباً 5 فٹ 8 انچ اور رنگت گوری ہے۔ اس نے بھورے رنگ کی نیکر پہن رکھی تھی۔ اس کے دائیں ہاتھ پر تلوار کا نشان اور سرخ رنگ کا دھاگا بھی پایا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ سمندری جانداروں کے کاٹنے کے باعث لاش کے چہرے کو نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے فی الحال متوفی کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی ہے۔
کوسٹل سیکوریٹی پولیس کی پی ایس آئی وینا چتراپور نے اس سلسلے میں مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے متوفی کی شناخت اور موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔