سرسی ، 10/ دسمبر (ایس او نیوز) سرسی - کمٹہ نیشنل ہائی وے جو گزشتہ ایک سال سے زیر مرمت ہے، اس میں ہو رہی تاخیر اور سست رفتاری کے خلاف ناراض کراولی کنڑا سنگھا کے صدر بھاسکر پٹگار کی قیادت میں عوام نے راستہ روک کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
کمٹہ علاقے کی بعض تنظیموں کے اشتراک سے کتگال کے قریب یہ احتجاجی مظاہرہ کیا تھا ۔ اس میں شامل سیکڑوں افراد کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار کمپنی آر این ایس نے پچھلے برس نومبر میں اس سڑک کی مرمت کا کام چھ مہینے کے اندر مکمل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کام شروع کیا تھا اور اس ہائی وے پر بھاری موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت کو ممنوع قرار دیا گیا تھا ۔ اب ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اس ہائی وے پر موٹر گاڑیوں چلانے کی باضابطہ اجازت نہیں دی گئی ہے ۔ مگر نجی بسیں اس سڑک پر دوڑتی ہوئی نظر آتی ہیں ۔ اسی وجہ سے سرکاری بسوں کو بھی اس ہائی وے گزرنے کی اجازت ملنی چاہیے ۔
ٹھیکیدار کمپنی کے خلاف نعرے بازی کرنے والے احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ ٹھیکیدار کمپنی نے ضلع انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہائی وے کو بند کر رکھا ہے اور تعمیری کام بڑی سست رفتاری سے چل رہا ہے، جس کی وجہ سے جلد مکمل ہونے کے امکانات نظر نہیں آتے ۔ سرکاری بسوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا کر عوام کو تکلیف میں مبتلا کیا گیا ہے ۔ جبکہ دوسری طرف پرائیویٹ بسیں، ٹرکس، تریت سے بھری ہوئی لاریاں کسی بھی رکاوٹ کے بغیر یہاں سے گزر رہی ہیں ۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ یا تو وعدے کے مطابق مرمت اور تعمیر کا کام پورا نہیں کیا گیا ہے اس لئے یہاں سے سرکاری بسوں کو یہاں سے گزرنے کی اجازت دینا چاہیے یا پھر تمام موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت پر روک لگانا چاہیے ۔ ورنہ راستہ روکو احتجاج جاری رہے گا ۔
اس دوران میں کمٹہ پی ایس آئی یوگیش اور کمٹہ تحصیلدار نے مداخلت کرتے ہوئے مظاہرین کو سمجھایا کہ سڑک روک کر احتجاج کرنا اور عام لوگوں کو تکلیف دینا درست نہیں ہے ۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے اور ٹھیکیدار کمپنی کو کام کی رفتار بڑھانے اور جتنی جلد ممکن ہو سرکاری بسوں کی آمد و رفت شروع کرنے کی ہدایت دی جائے گی ۔
افسران اور مظاہرین کے درمیان زبانی تکرار کے بیچ ٹھیکیدار کمپنی کے نتیش شیٹی نے بتایا کہ اب پانچ کلو میٹر سڑک کا کام باقی بچا ہے ۔ 20 دن کے اندر گھاٹ کے علاقے کا کام پورا کیا جائے گا ۔ اپریل کے آخر تک تمام کام مکمل کیا جائے گا ۔ اس تیقن کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کیا ۔