بنگلورو، 4/مئی (ایس او نیو) آئی پی ایل 2025 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں، چنئی سپر کنگز اور رائل چیلنجرز بنگلورو کے درمیان میچ آخری گیند تک پہنچا۔ چنئی کو جیت کے لیے آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے۔ یش دیال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مہندر سنگھ دھونی کو آؤٹ کیا بلکہ آخری اوور میں رنوں کو محدود رکھتے ہوئے بنگلورو کو 2 رنز سے فتح دلائی۔
یہ میچ چنئی کے لیے ایک اور مایوس کن لمحہ تھا، کیونکہ وہ ہدف کے قریب پہنچ کر بھی کامیابی حاصل نہ کر سکے۔ یش دیال کی آخری اوور میں کارکردگی نے بنگلورو کو نہ صرف میچ جتوایا بلکہ پلے آف میں جگہ بنانے میں بھی مدد دی۔
آج ٹاس چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے جیتا تھا اور پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلورو کو اس کے سلامی بلے بازوں وراٹ کوہلی (33 گیندوں میں 62 رن) اور جیکب بیتھل (33 گیندوں میں 55 رن) نے تیز طرار شروعات دی۔ ان دونوں نے ہی نصف سنچری مکمل کی، لیکن روماریو شیفرڈ کی نصف سنچری قابل دید تھی۔ انھوں نے محض 14 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 53 رن بنا ڈالے۔ دیکھا جائے تو یہی اننگ بنگلورو کی جیت کا سبب بنی۔ ان 3 نصف سنچریوں کی بدولت بنگلورو 20 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 213 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔
چنئی کی طرف سے گیندبازی میں متھیشا پتھیرانا نے 4 اوورس میں 36 رن دے کر سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ نور احمد (4 اوورس میں 26 رن) اور سیم کرن (3 اوورس میں 34 رن) کے حصے میں آئے۔ خلیل احمد کے لیے آج کا دن برا خواب ثابت ہوا، کیونکہ انھوں نے 3 اوورس میں 65 رن خرچ کر دیے اور انھیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔ دیگر گیندبازوں میں انشول کمبوج نے 3 اوورس میں 25 رن اور رویندر جڈیجہ نے 3 اوورس میں 26 رن خرچ کیے۔
چنئی کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو پہلے وکٹ کے لیے 51 رنوں کی شراکت داری ضرور ہوئی، لیکن دوسرا وکٹ محض 58 رنوں پر گر گیا۔ اس کے بعد آیوش مہاترے اور رویندر جڈیجہ کے درمیان ہوئی شراکت داری نے بنگلورو کی نیند اڑا دی۔ ان دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کے لیے 114 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ آیوش مہاترے بدقسمت رہے جو 48 گیندوں پر 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 94 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور سنچری نہیں بنا پائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے ہی گیند پر ڈیوالڈ بریوس پویلین لوٹ گئے، اور کپتان دھونی بھی 8 گیندوں پر 12 رن ہی بنا سکے۔ رویندر جڈیجہ 45 گیندوں پر 75 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، لیکن وہ ٹیم کو جیت نہیں دلا سکے۔ شیوم دوبے 3 گیندوں پر 8 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلورو کی جانب سے لنگی اینگیڈی کی گیندبازی قابل تعریف رہی۔ انھوں نے 4 اوورس میں 30 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 1-1 وکٹ کرونال پانڈیا اور یش دیال کے حصے میں آئے۔