ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: شکتی اسکیم سے اتر کنڑا میں کے ایس آر ٹی سی کو 12.47 کروڑ روپے کا منافع

کاروار: شکتی اسکیم سے اتر کنڑا میں کے ایس آر ٹی سی کو 12.47 کروڑ روپے کا منافع

Fri, 06 Mar 2026 21:20:33    S O News

کاروار،6 / مارچ (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کی گئی پانچ اسکیموں میں شامل خواتین کے لئے سرکاری بسوں میں مفت سفر کی 'شکتی' اسکیم کی وجہ سے اب اتر کنڑا میں کے ایس آر ٹی سی ڈپارٹمنٹ کو منافع ہو رہا ہے ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق اتر کنڑا کے ایس آر ٹی سی نے گزشتہ سال ہوئے تقریباً 37  کروڑ روپے نقصان کے مقابلے میں امسال 12.47 کروڑ روپے منافع کمایا ہے ۔  عام طور پر الزام لگایا جا رہا تھا کہ شکتی اسکیم کی وجہ سے کے ایس آر ٹی سی میں مفت سفر کرنے والی خواتین ہی بڑی تعداد میں ہوتی ہیں اس لئے سرکاری بسوں کا یہ محکمہ برباد ہوتا جا رہا ہے ۔ لیکن ضلع اتر کنڑا کے مختلف علاقوں کا جائزہ لیں تو امسال تصویر بدل گئی ہے ۔
    
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ڈانڈیلی اور ہلیال کو چھوڑ کر ساحلی علاقے کے تین اور گھاٹ علاقے کے چار کے ایس آر ٹی سی ڈپو اتر کنڑا ژون میں آتے ہیں ۔ ان میں کاروار، انکولہ، کمٹہ، بھٹکل، سرسی، منڈگوڈ اور یلاپور کے ڈپوز شامل ہیں ۔  اس میں سے سرسی ڈپو کو گزشتہ سال 12.58 کروڑ روپے نقصان ہوا تھا جب کہ امسال 5.77 کروڑ روپے منافع ہوا ہے ۔ انکولہ ڈپو کو جہاں گزشتہ سال 22 لاکھ روپے نقصان ہوا تھا وہیں پر امسال 6.42 کروڑ روپوں کا فائدہ ہوا ہے ۔ کاروار ڈپو میں گزشتہ سال 9 کروڑ روپے نقصان درج ہوا تھا اور امسال یہ نقصان کم ہو کر صرف 3 کروڑ روپے درج ہوا ہے، افسران کا کہنا ہے کہ آئندہ سال اسے منافع کے درجے میں لے جانے کے لئے کوشش جاری ہے ۔
    
کمٹہ ڈپو کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال یہاں 9.50 کروڑ روپوں کا نقصان ہوا تھا مگر امسال کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ اسی طرح بھٹکل ڈپو میں گزشتہ سال 2.76 کروڑ روپے نقصان دیکھا گیا تھا جبکہ امسال 1.61 کروڑ روپے نفع کمایا گیا ہے ۔ یلاپور ڈپو کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال 2.74 کروڑ روپے نقصان تھا مگر امسال 2 کروڑ روپوں کا منافع ہوا ہے ۔ 
    
کہا جاتا ہے کہ اتر کنڑا میں کے ایس آر ٹی سی کو نقصان سے نکال کر فائدے کے زمرے میں لانے کے لئے افسران اور عملہ پوری طرح دلچسپی لے رہا ہے اور کوشش جاری ہے ۔ 
    
اتر کنڑا میں گزشتہ تین مہینوں کے دوران کے ایس آر ٹی سی بسوں کے ذریعے کوئی جان لیوا حادثہ نہ ہونے کی بنیاد پر وزیر برائے نقل و حمل کی طرف سے اتر کنڑا ژون کو ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ گزشتہ نومبر سے فروری تک سرسی، کاروار اور منڈگوڈ ڈپو سے متعلقہ بسوں کا کوئی بھی حادثہ نہ ہونے پر ان ڈپوز کو ایوارڈز دئے گئے ہیں ۔ اتر کنڑا ضلع  کے ایس آر ٹی سی ژون نے سال 2025 میں 2 لاکھ لیٹر سے زیادہ ڈیزل کی بچت کرتے ہوئے 2.13 کروڑ روپے کا خرچ کم کیا ہے جو کے ایس آر ٹی سی 9 اضلاع میں سب سے آگے رہا ہے ۔ 
    
اتر کنڑا کے ایس آر ٹی سی کی کارکردگی پر انکولہ کاروار ایم ایل اے ستیش سئیل نے گزشتہ کے ڈی پی میٹنگ کے دوران کے ایس آر ٹی سی کی کارکردگی پر بے اطمینانی اظہار کیا تھا ۔ مگر اب محکمہ کے افسر بسوا راج کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار دیکھنے کے بعد انہوں نے افسران اور عملے کی بھرپور ستائش کی ہے ۔  
    
بسوا راج نے یہ بھی بتایا کہ کاروار سے بینگلورو کے لئے سلیپر پلّکی بس سروس ایک ہفتے کے اندر شروع کی جا رہی ہے ۔ یہ بس کاروار سے رات 8 بجے نکلے گی اور انکولہ، کمٹہ، ہوناور سے ہوتی ہوئی شیموگہ کے راستے بینگلورو جائے گی ۔ اسی طرح بینگلورو سے رات 8.30 بجے یہ بس کاروار کے لئے روانہ ہوگی ۔


Share: