ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : دو الگ الگ معاملات میں 6 منشیات فروش گرفتار

منگلورو : دو الگ الگ معاملات میں 6 منشیات فروش گرفتار

Sat, 07 Mar 2026 00:19:32    S O News
منگلورو : دو الگ الگ معاملات میں 6 منشیات فروش گرفتار

منگلورو/ 6 مارچ (ایس او نیوز)  منگلورو سٹی پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں چھ افراد کو مبینہ طور پر ممنوعہ منشیات فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا۔

پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان سے 53.87 گرام ایم ڈی ایم اے، 163.20 گرام ہائیڈرو ویڈ گانجہ اور 1.155 کلو گرام ریگولر گانجہ برآمد کیا ہے۔

 منگلورو ساؤتھ (پانڈیشور) پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے ایک مقامی لاڈج سے چار افراد کو گرفتار کیا ۔ گرفتار شدگان کی شناخت اڈپی ضلع کے کوٹیشورکے رہنے والے محمد سید آفریدی (26 سال) اور احمد علی عرشان (22 سال)، بالمٹا کے مقصود ساگ (23 سال)  اور کوٹایم کیرالہ کے فیلکس پی جوزف (20 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔

سٹی پولیس کمشنر کے مطابق پولیس نے ان کے قبضے سے53.87 گرام ایم ڈی ایم اے، 103.20 گرام ہائیڈرو ویڈ گانجہ اور جرم کے ارتکاب میں استعمال ہونے والی ایک ایم جی ہیکٹر کار ضبط کی ہے۔

 جنوبی پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ایک اور کارروائی میں بندر علاقے میں منگلورو نارتھ (بندر) پولیس نے گرین پارک گراؤنڈ کے قریب دو افراد کو منشیات فروخت کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا ۔ ملزمین کے نام ایڈل روچ (33 سال) کنکناڈی اور ارون وشال لاسراڈو (18سال) ساکن کدری ملیکٹّے  کی حیثیت سے  کی گئی ہے۔

 پولیس نے ان کے پاس سے 60 گرام ہائیڈرو ویڈ گانجہ، 1.155 کلو گرام ریگولر گانجہ اور ایک ماروتی سوِفٹ کار برآمد کی ہے ۔ اس تعلق سے نارتھ پولیس اسٹیشن میں ایک الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

 پولیس کمشنر کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ دبئی کے ایک ہوٹل میں منیجر کے طور پر کام کرنے والا ممبئی کا رہائشی سندیپ شیٹی مبینہ طور پر ہوائی جہاز کے ذریعے بنگلورو میں ہائیڈرو ویڈ گانجہ اسمگل کر رہا تھا ۔ مبینہ طور پر اس نے ممنوعہ اشیاء کو بنگلورو ہوائی اڈے سے مخصوص مقامات تک پہنچانے کے لیے ایڈل روچ کی خدمات حاصل کی تھیں ۔ ایڈل روچ اورارون وشال لاسراڈو نے بنگلورو میں مقصود ساگ کے ذریعے آفریدی اور عرشان کو منشیات سپلائی کیں۔ اس کے بعد دونوں نے ایم ڈی ایم اے اور گانجہ کو اپنی ایم جی ہیکٹر کار میں منگلورو پہنچایا۔ 

پہلے چار ملزمان نے کلاسک کمفرٹ لاج میں ایک کمرہ کرائے پر لیا تھا تا کہ وہ طلباء اور نوجوانوں کو منشیات فروخت کر سکیں۔ جبکہ روچ اور لاسراڈو کو گرین پارک گراؤنڈ کے قریب ان کی سوِفٹ کار سے منشیات فروخت کرتے ہوئے پکڑا گیا۔


Share: