منگلورو، 14 / دسمبر (ایس او نیوز) گہرے پانیوں میں ماہی گیری کے لئے نکلی ہوئی ٹرالر کشتی آتشزنی کی وجہ سے بیچ سمندر میں جل کر خاکستر ہوگئی ۔ البتہ کشتی پر سوار تمام ماہی گیر دوسری کشتی پر سوار ہوکر محفوظ رہنے میں کامیاب ہوگئے۔
'مشرق' نامی کشتی کی مالکن فاطمہ شفا کی طرف سے منگلورو کوسٹل پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق 10 دسمبر کی صبح 4:30 بجے یہ کشتی سات مچھیروں کے ساتھ منگلورو بندرگاہ سے ماہی گیری کے لئے روانہ ہوئی تھی ۔ منگلورو ساحل سے 10 ناٹیکل میل کی دوری پر مچھلیوں کا شکار کرنے کے دوران اس کے انجن روم سے اچانک آگ کے شعلے بھڑکے ۔ کشتی پر موجود ماہی گیروں نے آگ بجھانے کی کوشش تو کی مگر وہ اس میں ناکام رہے ۔
اس کے بعد کشتی کے عملے نے قریب میں موجود میزان نامی کشتی سے مدد طلب کی اور جلتی ہوئی کشتی کے تمام عملے کو اس کشتی پر بحفاظت منتقل کیا گیا ۔ البتہ ٹرالر کشتی کو تیز شعلوں نے نگل لیا اور وہ پوری طرح تباہ ہو گئی ۔ سورتکل اور کاپ کے درمیان واقع سمندر میں پیش آئے ہوئے اس حادثے کی وجہ سے تقریباً ایک کروڑ روپے کا نقصان ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔