ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل رکوانے سے پُتّور کے رکنِ اسمبلی کا انکار؛ اشوک رائے سمیت 16 کے خلاف مقدمہ درج

مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل رکوانے سے پُتّور کے رکنِ اسمبلی کا انکار؛ اشوک رائے سمیت 16 کے خلاف مقدمہ درج

Sun, 21 Dec 2025 01:14:45    S O News
مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل رکوانے سے پُتّور کے رکنِ اسمبلی کا انکار؛ اشوک رائے سمیت 16 کے خلاف مقدمہ درج

مینگلورو، 20 دسمبر (ایس او نیوز):مرغوں کی فائٹنگ کے کھیل پر جیسے ہی پولیس نے کارروائی کی کوشش کی، پُتّور کے رکنِ اسمبلی اشوک کمار رائے اچانک موقع پر پہنچ گئے اور مبینہ طور پر پولیس کارروائی رکواتے ہوئے خود موقع پر موجود رہ کر فائٹنگ کا کھیل کروایا۔یہ واقعہ ہفتے کے روز مینگلورو سے قریب 40 کلومیٹر دور وٹلا کے کیپو نامی مقام پر پیش آیا۔

پتہ چلا ہے کہ واردات سامنے آنے کے بعد پولیس نے اشوک کمار رائے سمیت 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے بعض افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ 

اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز کیپو کے شری اُلّالتی دیوستھان کے احاطے میں مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل منعقد کیا گیا تھا، جس کے لیے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے کوئی اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔ دوپہر کے وقت جیسے ہی یہ کھیل شروع ہوا، وٹلا پولیس موقع پر پہنچی اور اس پر اعتراض ظاہر کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کھیل میں ایک ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔

پولیس کی مداخلت کے بعد کانگریس سے تعلق رکھنے والے پُتّور کے رکنِ اسمبلی اشوک کمار رائے موقع پر پہنچے اور موجود لوگوں سے کہا کہ کوئی بھی نہ بھاگے، مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل شام تک ضرور ہوگا اور وہ خود بھی ان کے ساتھ رہیں گے۔ اس کے بعد وہ شام 5 بجے تک موقع پر موجود رہے اور کھیل جاری رہا۔

IMG-20251221-WA0001

بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشوک کمار رائے نے کہا کہ اس مقام پر 800 سالہ قدیم روایت کے تحت ہر سال مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل ہوتا ہے اور یہ مذہبی عقیدے سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں کسی قسم کا جُوا نہیں ہوتا، آٹو رکشا والے بھی مفت میں آتے ہیں اور سب کچھ مفت ہوتا ہے۔ ان کے مطابق عقیدت کے طور پر پالی گئی مرغی نذر کے طور پر لائی جاتی ہے، فائٹنگ کے بعد کسان اسے واپس لے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ قانون میں اس کی اجازت نہیں ہے، تاہم عوام کے مذہبی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام سے درخواست کی گئی تھی، اس کے باوجود ہفتے کے روز پولیس نے اسے منتشر کرنے کی کوشش کی۔ رکنِ اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔

رکنِ اسمبلی سمیت 16 افراد کے خلاف مقدمہ

بغیر مناسب اجازت کے غیر قانونی طور پر کیپو میں مرغوں کی فائٹنگ کے کھیل کے انعقاد کے معاملے میں پُتّور کے رکنِ اسمبلی اشوک کمار رائے سمیت 16 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق 20 دسمبر کی دوپہر اطلاع ملی تھی کہ کیپو میں مُرلی دھر رائے نامی شخص کے کھیت میں غیر قانونی طور پر مرغوں کی فائٹنگ کا کھیل منعقد کیا جا رہا ہے۔

اطلاع کی بنیاد پر وٹلا تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور جانچ کے دوران دیکھا کہ کئی افراد مرغوں کی فائٹنگ کے کھیل کی تیاری کرتے ہوئے جمع تھے۔ پولیس نے وہاں موجود افراد کو اس کھیل کی غیر قانونی حیثیت سے متعلق قانونی جانکاری دی، تاہم پولیس شکایت میں کہا گیا ہے کہ اس کے باوجود موقع پر موجود افراد نے کھیل شروع کر دیا۔

اس دوران پولیس نے مرغوں کی فائٹنگ کے کھیل میں ملوث 16 افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ 22 مرغے اور کھیل میں استعمال ہونے والے بلیڈ (چاقو) ضبط کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق بغیر اجازت غیر قانونی طور پر مرغوں کی فائٹنگ کے کھیل کے لیے جگہ فراہم کرنے کے الزام میں زمین کے مالک مُرلی دھر رائے، غیر قانونی عمل پر اکسانے کے الزام میں رکنِ اسمبلی اشوک رائے، اور کھیل میں شامل 16 افراد کے خلاف وٹلا پولیس تھانے میں کرائم نمبر 190/2025 کے تحت BNS-2023 کی دفعات 189(2)، 49، 221، 223، 190 اور Prevention of Cruelty to Animals Act, 1960 (دفعات 3 اور 11) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


Share: