ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاپ : گوڈس ٹیمپو میں مزدروں کو لے جانے کے خلاف کارروائی - پولیس نے ضبط کیے 22 ٹیمپو

کاپ : گوڈس ٹیمپو میں مزدروں کو لے جانے کے خلاف کارروائی - پولیس نے ضبط کیے 22 ٹیمپو

Thu, 18 Dec 2025 12:32:14    S O News
کاپ : گوڈس ٹیمپو میں مزدروں کو لے جانے کے خلاف کارروائی - پولیس نے ضبط کیے 22 ٹیمپو

کاپ،   18 /دسمبر (ایس او نیوز) کاپ اور پڈوبیدری میں مال برداری کے لئے مخصوص ٹیمپوز میں مزدوروں کو لے جانے کے دوران پیش آئے ہوئے مسلسل حادثات کے بعد پولیس نے ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی ایک خصوصی مہم شروع کی ہے اور اس کے تحت مختلف مقامات سے 22 مال برداری کے ٹیمپو ضبط کر لیے ہیں ۔ 
    
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی 17 دسمبر کو کارکلا سب ڈویژن کے اے ایس پی ڈاکٹر ہرشا پریاموادا کی ہدایت پر کی گئی تھی ۔ سب ڈویژن بھر میں پولیس کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر معائنہ کیا اور غیر قانونی طور پر مزدوروں کو لے جانے والی 22 مال گاڑیوں کا پتہ لگایا ۔

اس مہم کے دوران کارکلا سٹی پولیس اسٹیشن حدود میں تین گاڑیاں، کارکلا دیہی حدود میں دو،  اجیکر حدود میں ایک، ہیبری حدود میں تین، پڈوبیدری حدود میں پانچ، کاپ پولیس اسٹیشن حدود میں چھ اور شیروا حدود میں  دو ٹیمپو ضبط کیے گئے ۔ اس ضمن میں مزید قانونی کارروائی کے لیے رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی ہے ۔

اس کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 107 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جن میں قواعد کی خلاف ورزی کے 47 اور بغیر ہیلمیٹ سواری کے 60 کیسز شامل ہیں ۔ مجموعی طور پر 51000 روپے جرمانہ وصول کیا گیا ۔

بتایا جاتا ہے کہ عوام نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا اور رائے دی ہے کہ اگر قانون لاگو کرنے کی  ایسی مہم روزانہ چلائی جائے تو جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکتا ہے اور مال گاڑیوں میں مزدوروں کی نقل و حمل  کو مؤثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے ۔

دریں اثناعوام نے قومی شاہراہوں، ریاستی شاہراہوں اور دیہی سڑکوں پر صبح اور شام کے اوقات میں سیکڑوں اسکولی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ متعدد گاڑیوں میں مبینہ طور پر اجازت سے زیادہ بچوں کو لے جایا جا رہا ہے ۔ خاص طور پر آٹورکشہ میں اجازت سے زیادہ بچے لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس سے ان کی حفاظت کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ عوام نے افسران سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں بھی سخت کارروائی کی جائے ۔

خیال رہے کہ 30 نومبر کو ڈیکوریشن کے کام کے لیے کاپ سے ملپے کے لیے مزدوروں کو لے کر جا رہا ایک گوڈس ٹیمپو حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں مغربی بنگال، آسام اور تریپورہ کے پانچ مزدور ہلاک اور سات زخمی ہو گئے تھے ۔ 
    
ابھی اس واقعے کی یاد تازہ ہی تھی کہ پڈوبیدری میں ایک اور مال گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون مزدور جاں بحق اور متعدد مزدور زخمی ہو گئے ۔ 
    
چند ماہ قبل نندیکور کے مقام پر ایک بس آٹورکشہ سے ٹکرانے سے دو مزدور ہلاک ہو گئے تھے ۔ان واقعات کے بعد عوام نے مزدوروں کو لے جانے والے مال بردار ٹیمپو کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا ۔  جس کے بعد ہوئی پولیس کی کارروائی کی ستائش کی جا رہی ہے ۔


Share: