ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا : کسانوں کے قبضے سے اتی کرم زمین خالی نہیں کی جائے گی

کاروار : نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا : کسانوں کے قبضے سے اتی کرم زمین خالی نہیں کی جائے گی

Mon, 29 Dec 2025 17:18:58    S O News
کاروار : نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا : کسانوں کے قبضے سے اتی کرم زمین خالی نہیں کی جائے گی

کاروار،  29/ دسمبر (ایس او نیوز) ٹیگور ساحل پر کراولی اتسوا کے اختتامی اجلاس میں شرکت کے موقع پر اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ جب ہماری یو پی اے کی سرکار اقتدار پر تھی تو ہم نے اتی کرم کی گئی زمین قانونی طور پر کسانوں کو سونپنے کا قانون بنایا تھا ۔ اس پس منظر میں کسانوں نے زمین کے حقوق کے لئے اپنی درخواستیں دے رکھی ہیں ۔ ہم نے ڈی ایف کو ہدایت دی ہے کہ جنگلاتی زمین پر رہائش پزیر کسانوں کو کسی بھی قیمت پر نکال باہر نہیں کیا جائے ۔
    
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ضمن میں قرارداد پاس کی ہے ۔ اگر کوئی تین پشتوں سے  جنگلاتی زمین پر اپنا قبضہ ثابت کرنے کا ثبوت دیتا ہے اس سے بڑا کوئی دستاویز نہیں ہو سکتا ۔ کس کی درخواستیں نامنظور کی گئی ہیں اس تعلق سے ایم ایل اے بھیمنّا، ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اور دیگر اراکین اسمبلی توجہ دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ تین ایکڑ سے کم زمین اتی کرم کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کرنے والے کسانوں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ۔ یہ قانون ہماری پارٹی نے جاری کیا تھا اور اس کے تعلق سے ہماری جواب داری بنتی ہے ۔ قبائلی عوام کے لئے 25 سال اور دیگر کے لئے 75 سال کا قبضہ ثابت کرنا ضروری ہے ۔ 
    
ندیوں کو جوڑنے کے مسئلے پر ڈی کے شیواکمار نے کہا کہ "بیڈتی اور وردا ندی کو جوڑنے کے لئے ڈی پی آر تیار کرنے کی اجازت دی گئی ہے اور اس پر دستخط بھی ہوگئے ہیں ۔ ہم اپنا پانی اپنے لئے استعمال کرنے کے پابند ہیں ۔ اس منصوبے کے لئے مرکزی حکومت 90% اور ریاستی حکومت 10% فنڈ فراہم کرے گی ۔"
    
اس منصوبے کے تعلق سے مقامی رکن اسمبلی کی مخالفت کے بارے میں پوچھنے پر انہوں نے کہا کہ "کون کیا اعتراض کرتا ہے یا نہیں کرتا ہے اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ ہمارے عوام کو، کسانوں کو اس سے فائدہ پہنچتا ہے، یہ بات اہم ہے ۔ کوئی بھی منصوبہ بنتا ہے تو اس کی مخالفت ہوتی ہے ۔ متاثرین کو قانون کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا ۔    سڑکوں کی توسیع کرنے پربھی، کارخانے تعمیر کرنے پربھی، پُل تعمیر کرنے پر بھی لوگ مخالفت کرتے ہیں ۔ لوگوں نے تو گارنٹی اسکیموں کی بھی مخالفت  کی تھی ۔ کیا اب یہ لوگ اس کا فائدہ نہیں اٹھا رہے ہیں؟  مخالفت کرنے والی پارٹی کے لوگ گارنٹی واپس کرکے دکھائیں ۔"
    
نو تعمیر شدہ پلوں کا افتتاح کرتے ہوئے ٹریفک کے انہیں کھول دینے کے تعلق سے کہا کہ گنگاوتی اور گوکرن کے پل کا افتتاح جلد ہی  کیا جائے گا ۔ اس کے بارے میں جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ جب 45 سال تک اس کا انتظار کیا ہے تو ابھی تھوڑے دن اور انتظار کیا جائے ۔ 
    
انہوں نے کہا کہ ضلع کے پانچ ارکان اسمبلی نے متحدہ طور پر ضلع کی ترقی کے لئے کام کر رہے ہیں ۔ رکن اسمبلی شیوا رام ہیبار کے ساتھ مل کر بھی اچھا کام کیا جا رہا ہے ۔ اس ضلع کے عوام میں نے ریاست کو تقویت پہنچائی ہے ۔ 
    
جنوری کے بعد وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے تعلق سے انہوں نے اخبار نویسوں سے کہا کہ یہ بات ہم نے تو نہیں کی ہے ۔ یہ آپ لوگوں کی طرف سے گھڑی ہوئی ہوئی بات ہے ۔ رکن اسمبلی آر وی دیشپانڈے نے چار پانچ مہینوں سے کابینہ میں توسیع نہ ہونے کی جو بات کہی تھی اس کے بارے میں پوچھنے پر ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ "آر وی دیشپانڈے سینئر ہیں ۔ اس ضمن میں آپ لوگ وزیر اعلیٰ اور دیشپانڈے سے ہی پوچھیں گے تو بہتر ہوگا ۔"


Share: