بھٹکل، 12 ستمبر (ایس او نیوز): جماعت اسلامی ہند، حلقۂ کرناٹک کی طرف سے پوری ریاست میں سیرت مہم چلائی جارہی ہے، جبکہ بھٹکل میں بھی اس تعلق سے مختلف پروگرام منعقد ہورہے ہیں۔ بھٹکل کے پڑوسی قصبہ شیرور میں ایک ہفتہ سے جاری یہ مہم جمعہ کو اختتام پذیر ہوگئی۔ اس مہم کے تحت شیرور میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں عمومی خطابات، سمپوزیم، ڈائیلاگ، خصوصی ملاقاتیں اور لٹریچر کی تقسیم شامل رہی، جبکہ مختلف ذرائع اور پروگراموں کے ذریعے اللہ کے رسول حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کے پیغام کو عام کیا گیا۔
منتظمین کے مطابق ملک کے موجودہ حالات میں عوام و خواص کے اندر اسلام اور رسول اللہ ﷺ کی سیرت کو جاننے اور پڑھنے کا جذبہ بڑھ رہا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے جماعت اسلامی کی طرف سے اللہ کے دین کو عوام تک صحیح طور پر پہنچانے کا فریضہ انجام دیا جارہا ہے۔
منتظمین نے بتایا کہ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے وفد نے شیرور کے تمام سرکاری اسکولوں، سرکاری ہسپتال، پنچایت اور دیگر سرکاری دفاتر کا دورہ کیا۔ مختصر تبادلۂ خیال کے ساتھ سیرت کی کتابیں اور سنمارگہ سیرت نمبر تقسیم کیے گئے، جنہیں لوگوں نے نہایت ادب و احترام سے قبول کیا۔
اس دوران کیسرکوڈی اسکول، گورنمنٹ ہائی اسکول مارکیٹ، گورنمنٹ اسکول ہاڈوین کونے، توحید پبلک اسکول شیرور، پنچایت آفس اور دیگر اہم شخصیات سے خصوصی ملاقاتیں کی گئیں اور اللہ کے رسول ﷺ کی سیرتِ مبارکہ کو عام کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس سلسلے میں جماعت اسلامی ہند کی طرف سے شیرور کے جناب عبد الحمید شیخ جی، جناب ناصر گنگولی اور جناب عبد الرحمن ملا کی کوششوں کو سراہا گیا، جنہوں نے شیرور میں اس مہم کو کامیابی کے ساتھ چلانے میں اہم رول ادا کیا۔