ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں ٹیکسی اسٹینڈ کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ

بھٹکل میں ٹیکسی اسٹینڈ کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ

Sat, 12 Sep 2026 23:08:33    S O News
بھٹکل میں ٹیکسی اسٹینڈ کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ

بھٹکل 12/ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں ٹیکسی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مناسب اور مستقل ٹیکسی اسٹینڈ یا پارکنگ کی جگہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ ٹیکسی ڈرائیورس اینڈ وہیکل اونرس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بھٹکل سب ڈیوزن اے ایس پی رانو گپتا کو یادداشت پیش کی۔

اسوسی ایشن نے یادداشت میں کہا کہ بھٹکل میں 2018 سے قومی شاہراہ کی توسیع و تعمیر کا کام شروع ہونے کے بعد سے ٹیکسی گاڑیوں کو کھڑا کرنے کے لیے مناسب جگہ کا مسئلہ درپیش ہے۔ اس سلسلے میں اسوسی ایشن کی جانب سے مختلف محکموں کے افسران کو کئی مرتبہ یادداشتیں پیش کی جاچکی ہیں، لیکن کئی سال گزرنے کے باوجود اس مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جاسکا ہے۔

اسوسی ایشن کے مطابق شہر میں فی الحال کوئی باقاعدہ ٹیکسی اسٹینڈ نہ ہونے کے باعث ڈرائیوروں کو سڑک کے کنارے یا دیگر ناموزوں مقامات پر گاڑیاں پارک کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ اس سے نہ صرف گاڑیوں کی پارکنگ اور مسافروں کو ٹیکسی پرسوارکرنے  اوراتارنے میں دشواری پیش آتی ہے، اس سے ٹریفک نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس صورتحال کے باعث ٹیکسی ڈرائیوروں اور گاڑی مالکان کو مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

یادداشت میں کہا گیا کہ ٹیکسی ڈرائیور عوام کو نقل و حمل کی سہولت فراہم کرتے ہیں، اس لیے ان کی گاڑیوں کو کھڑا کرنے کے لیے محفوظ، اور قانونی طور پر مقررہ جگہ کا ہونا ضروری ہے۔ اسوسی ایشن نے پولیس محکمہ، بلدیہ، تعلقہ انتظامیہ اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کے حکام کے درمیان تال میل کے ذریعے بھٹکل بس اسٹینڈ کے سامنے مناسب جگہ کی نشاندہی کرتے ہوئے مستقل ٹیکسی اسٹینڈ یا پارکنگ کا انتظام کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے امید ظاہر کی کہ کئی برسوں سے زیر التوا اس مسئلے کا اے ایس پی رانو گپتا کے دور میں مناسب حل نکالا جائے گا۔


Share: