
بھٹکل، 21 / جنوری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے 66 کے توسیعی منصوبے کے تحت شہر کے رنگین کے کٹے پاس موجود برگد کے قدیم درخت کو کاٹ کر گرانے کے علاوہ اس کے اطراف میں بنے ہوئے چبوترے اور جنگلے کو بھی ہٹا دیا گیا ۔
چونکہ یہ غیر مسلموں کے لئے مذہبی تناظر میں اہم مقام ہونے کے وجہ سے فوری طور پر اسے ہٹانے میں رکاوٹیں پیدا ہوئی تھیں اور ہائی وے کے توسیعی منصوبے کے تحت اس علاقے میں چل رہا تعمیری کام آگے بڑھانا مشکل ہو رہا تھا ۔ اب ضلع انتظامیہ نے اس درخت اور چبوترے کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد غیر مسلموں کو ان کی مذہبی رسومات ادا کرنے کا موقع دینے کے بعد درخت کو کاٹنے کے علاوہ چبوترے کو ہٹاتے ہوئے سڑک کا تعمیری کام مکمل کرنے کے لئے راستہ صاف کر دیا ہے ۔
بھٹکل تعلقہ میں بعض علاقوں کی شناخت کے لئے ہندوانہ عقائد پر مبنی سرپن کٹے، مورین کٹے ، ماری کٹے جیسے کچھ کٹے یا چبوترے مشہور ہیں جن میں رنگین کٹے بھی شامل ہے ۔ حالانکہ اب یہاں بیچ سڑک سے برگد کا درخت اور چبوترا ہٹا دیا گیا ہے، مگر اس علاقے کی شناخت رنگین کٹے کے نام سے ہی باقی رہے گی جس طرح ماری کٹے پر موجود چبوترا اور درخت ہٹانے اور وہاں مندر بنانے کے باوجود اب بھی اس علاقے کو ماری کٹے کے نام سے ہی پہچانا جاتا ہے ۔