ہوناور13 / جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے گیروسوپّا کے قریب سولیمورکی کراس پر ہو رہے جان لیوا حادثات کی روک تھام کے لئے اس علاقے میں نیشنل ہائی وے کی توسیع و مرمت کا منصوبہ منظور کیا گیا جس پر 9 کروڑ روپوں کی لاگت آئے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں سولیمورکی کراس پر جو حادثہ پیش آیا تھا اس میں دو بھائی زندہ جل کر خاک ہوگئے تھے۔ جبکہ اس سے قبل بھی اس سڑک پر اور خاص کرکے اس خطرناک کراس کےعلاقے میں کئی جان لیوا حادثات پیش آ چکے ہیں۔
اب جو منصوبہ بنایا گیا ہے اس میں حادثات کا سبب بننے والے موڑ کو درست کرنے کے علاوہ سڑک کی توسیع اور 600 میٹر تک سڑک کے نشیبی حصے کو کم کرنے کا کام شامل ہے۔ جس کے لئے ٹینڈر طلب بھی کر لیے گئے ہیں۔ اس منصوبے پرعمل کرتے ہوئے سڑک کا گھماو کرنے کے مقصد سے اس کی چوڑائی میں اضافہ کرنا اور اس کے علاوہ سڑک کی ڈھلان کم کرنے کے لئے وہاں بڑی مقدار میں مٹی بھرنا ہے۔ لیکن معلوم ہوا ہے کہ کام شروع کرنے کے لئے ابھی وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کی اجازت نہیں ملی ہے۔ این ایچ اے آئی کا کہنا ہے کہ انہوں نے وائلڈ لائف محکمہ تجویز بھیج دی ہے اور ایک دو ہفتے کے اندر اجازت مل جائے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ سولیمورکی کراس پر ہو رہے حادثات کی روک تھام کرنے کے سلسلے میں ضلع ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن این ایم، وائلڈ لائف کے ڈی سی ایف وغیرہ نے اس منصوبے کو عمل میں لانے کے لئے خصوصی دلچسپی لی ہے۔
اس کے علاوہ یہ پتہ چلا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھاریٹیز آف انڈیا کی طرف سے ہوناور سے جوگ تک نیشنل ہائی وے کا 22.5 کلومیٹر فاصلے کا جو موجودہ حصہ ہے اس پر تارکول کی ایک اور پرت چڑھا کر اسے مزید بہتر بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔