ہوناور ،13 / جنوری (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے پر سولیمورکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی کار میں زندہ جل کر خاک ہونے والے دو بھائیوں کی باقیات حادثے کے پانچ دن بعد ان کے گھر والوں کو سونپی گئیں۔
خیال رہے کہ اس سڑک پر علی الصبح پیش آنے والے حادثے میں زندہ جل کر فوت ہونے والوں کی شناخت سداپور کے رہنے والے منجو ناتھ ویربھدرا ہسلر (35 سال) اور چندرا شیکھر ویربھدرا ہسلر (30 سال) کے طور پر کی گئی تھی ۔
حالانکہ حادثات کا شکار ہونے والے افراد کے متعلقین نے ان کو پہچان لیا تھا مگر چونکہ دونوں لاشیں صرف جلے ہوئے ہڈیوں کے ڈھانچے کی شکل میں تھیں اس وجہ سے یقینی طور پر ان کی پہچان کرنا ممکن نہیں تھا۔ اس وجہ سے ان باقیات کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا گیا جس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد یہ باقیات ان کے متعلقین کے حوالے کی گئیں ۔
خیال رہے کہ اس حادثے کے دن سے ہی اس کی حقیقت کے سلسلے میں شکوک و شبہات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے ۔ اسی بیچ میں فوت ہونے والوں کے اہل خانہ اور سماج کے لوگوں نے ایک میمورنڈم دیتے ہوئے اپنے بچوں کی موت کے لئے پرمود نائک نامی شخص کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔