کاروار، 14/ دسمبر (ایس او نیوز) بینگلورو سے منگلورو ہوتے ہوئے کاروار پہنچنے اور واپس لوٹنے والی ٹرین جو پپچھلے تقریباً پانچ چھ مہینوں سے بند تھی اسے 16 دسمبر سے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے ۔
ساوتھ ویسٹرن ریلوے میسورو ژون کے منیجر مودیت متّل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سکلیشپور - سبرامنیا سیکشن میں 55 کلو میٹر کی لائن کے بجلی کرن کا کام چلنے کی وجہ سے دن میں چلنے والی ٹرین کا سلسلہ بند رکھا تھا ۔ اب چونکہ الیکٹری فکیشن کا یہ کام تقریباً مکمل ہو گیا ہے اس لئے یہ ٹرین پھر سے شروع کی جا رہی ہے ۔
خیال رہے کہ امسال 31 مئی سے یہ سروس بند کر دی گئی تھی ۔ جون اور اگست میں اس علاقے میں زمین کھسکنے کے واقعات پیش آنے کی وجہ سے بجلی کرن کی کارروائی میں تاخیر ہوئی اور اب 198 دن بعد اسے دوبارہ بحال کیا جا رہا ہے ۔