یلاپور، 3/ جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے اریبیل گھاٹ علاقے میں نیشنل ہائی وے پر سڑک کنارے سفید رنگ کی دھاری بنانے کے لئے استعمال ہونے والا بوائلر دھماکے سے پھٹ پڑا ۔ خوش قسمتی سے اس دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی پر گڈھوں کو بھرنے کا کام حال ہی میں پورا ہوا تھا، جس کے بعد سڑک کے کناروں پر سفید رنگ سے پٹیاں بنانے کا کام جاری تھا ۔ ٹھیکیدار کمپنی کا عملہ ایک ٹرک پر بوائلر اور گیس سلینڈر لاد کر سفید دھاریاں بنانے کا کام انجام دے رہا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ اس دوران میں گیس سلینڈر سے ذرا سا گیس کا اخراج ہونے لگا اور اس میں آگ لگ گئی ۔ آگ سے پیدا ہونے والی گرمی کی وجہ سے رنگ کا بوائلر دھماکے سے پھٹ کر چور چور ہوگیا ۔ اس دھماکے کی وجہ سے لاری کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ اس حادثے کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر تھوڑی دیر کے لئے ٹریفک میں خلل پڑا ۔
اس ضمن میں یلاپور پولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔