ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: بیڈتی–وردھا ندی جوڑ منصوبہ بی جے پی حکومت کا تھا، آج وہی اس کی مخالفت کر رہی ہے: منکال وئیدیا

بھٹکل: بیڈتی–وردھا ندی جوڑ منصوبہ بی جے پی حکومت کا تھا، آج وہی اس کی مخالفت کر رہی ہے: منکال وئیدیا

Tue, 13 Jan 2026 01:41:03    S O News
بھٹکل: بیڈتی–وردھا ندی جوڑ منصوبہ بی جے پی حکومت کا تھا، آج وہی اس کی مخالفت کر رہی ہے: منکال وئیدیا

بھٹکل، 12 جنوری (ایس او نیوز): اتر کنڑا ضلع کے انچارج وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورپا کے دورِ حکومت میں ہی بیڈتی–وردھا ندی جوڑنے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا اور اس کا اعلان اُس وقت کے ریاستی بجٹ میں بھی کیا گیا تھا۔ لیکن آج بی جے پی ہی اپنے منصوبے کی مخالفت کررہی ہے۔

بھٹکل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ موجودہ رکنِ پارلیمان وشویشور ہیگڑے کاگیری اُس وقت یڈی یورپا حکومت میں اسمبلی کے اسپیکر تھے۔ اس کے علاوہ اُس دور میں ضلع کے پانچوں ارکانِ اسمبلی کا تعلق بی جے پی سے تھا، جن میں سے ایک وزیر بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت جن لوگوں نے بیڈتی–وردھا ندی جوڑنے کے منصوبے کی مخالفت نہیں کی، وہی لوگ آج اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہاویری، کوپّل اور گدگ اضلاع کو پانی فراہم کرنے کے دعوے آج بی جے پی لیڈران کر رہے ہیں، جبکہ اصل حقیقت سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ یڈی یورپا کے بجٹ کے 21ویں صفحے کے 89ویں پیراگراف کا جائزہ لیا جائے تو صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس فیصلے کے ذمہ دار وہ خود تھے۔

وزیر منکال وئیدیا نے مزید بتایا کہ یہ 23 ہزار کروڑ روپے کی ایک بڑی اسکیم ہے، جس میں 90 فیصد مالی حصہ مرکزی حکومت کا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ منصوبہ درکار نہیں تھا تو اس وقت اس کی مخالفت کیوں نہیں کی گئی؟

انہوں نے کہا کہ اگر اُس وقت ہم اس منصوبے کے خلاف بولتے تو ہم پر الزام لگایا جاتا کہ ہم مرکزی حکومت کی 23 ہزار کروڑ روپے کی اسکیم کے نفاذ میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ اب صورتحال یہ ہے کہ وہی لوگ اس منصوبے کو نافذ کرنے کے بعد خود اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی پارٹی کے ایک رکنِ پارلیمان بومّائی اس منصوبے کے حق میں ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کی قیادت کے اندر ہی شدید کنفیوژن پایا جاتا ہے، جسے وہ خود ہی درست کریں۔

مرکزی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے وزیر منکال وئیدیا نے کہا کہ اس بجٹ سے نہ ضلع اترا کنڑ اور نہ ہی ریاست کرناٹک کے لیے کسی خاص فائدے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے اراکینِ پارلیمان میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے کھڑے ہو کر ریاست کے مفادات کے لیے آواز اٹھا سکیں۔


Share: