بھٹکل، 14 دسمبر (ایس او نیوز): انجمن ڈے کے موقع پر سنیچر کو کرناٹکا قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر یو ٹی قادر کے ہاتھوں انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج کیمپس میں جدید سہولیات سے آراستہ ملٹی پرپس اسپورٹس گراؤنڈ کا افتتاح عمل میں آیا۔
اس کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے معیاری گھاس بچھائی گئی ہے، جبکہ گراؤنڈ کے چاروں طرف جالی کے ذریعے محفوظ بنایا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے دوران اسپیکر یو ٹی قادر نے ربن کاٹ کر گراؤنڈ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ضلع انچارج وزیر منکال ویدیا اور کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کے وائس چانسلر ڈاکٹر اے ایم خان کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوکرفٹ بال کو لات مار کر کھیل کا علامتی مظاہرہ بھی پیش کیا۔
اس موقع پرانجمن حامیِ مسلمین کے صدر یونس قاضیا، جنرل سکریٹری محمد اسحاق شاہ بندری، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری، انجمن کالج کے پرنسپل محمد یوسف کولا سمیت کئی دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
تقریب کے دوران مقررین نے اسپورٹس گراؤنڈ کے قیام کو طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ میدان نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے مؤثر ثابت ہوگا۔