بھٹکل، 16 جنوری (ایس او نیوز): بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام نوائط کالونی کے ایک شادی ہال میں SIR اور ووٹر میپنگ سے متعلق آگاہی کے لیے ایک اہم سوشل کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں اعلان کیا گیا کہ تنظیم کی سرپرستی میں عنقریب ہیلپ لائن سینٹرس قائم کیے جائیں گے تاکہ دستاویزات اور تصدیقی عمل کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری مبشر حسین ہلارے نے بھٹکل، مرڈیشور اور منکی کے اسپورٹس سینٹروں کے ذمہ داران کو SIR کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی، CAA–NRC اور یکساں سول کوڈ کے بعد اب SIR کے ذریعے ووٹوں میں کٹوتی کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جس کے پیشِ نظر نوجوانوں کو اپنے دستاویزات درست اور مکمل رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر اپنی ووٹر لسٹ کی جانچ کریں اور واضح کیا کہ فی الحال آدھار کارڈ، راشن کارڈ اور ووٹر آئی ڈی، SIR کی تصدیق کے لیے قابلِ قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی نوعیت کے بیداری پروگرام آئندہ دنوں بھٹکل، مرڈیشور اور منکی میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔
فیڈریشن کی سوشل کمیٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ اجلاس سے نوجوان ایڈووکیٹ اور نائب صدر عمران لنکا نے خطاب کرتے ہوئے SIR کے قانونی پہلوؤں، عوامی خدشات اور ووٹروں کی تصدیق کے دوران پیش آنے والے مسائل پر روشنی ڈالی اور خبردار کیا کہ دستاویزی خامیوں کی صورت میں حقیقی ووٹروں کے نام فہرست سے خارج ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
پروگرام کا آغاز مولوی سید سالک برماور ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ فیڈریشن صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف کے کلماتِ تشکر پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ آفاق کولا، سوشل کمیٹی کے سیکریٹری ظہیر شیخ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔