بھٹکل، 13 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل تعلقہ کے بیلکے گرڈی ہِتّلو (Girdihitlu) علاقے میں دن دہاڑے پیش آنے والی چین اسنیچنگ کی ایک واردات میں معمر خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھین کر نامعلوم لُٹیرے فرار ہوگئے۔ یہ واردات ہفتہ کی دوپہر قریب ڈیڑھ بجے پیش آئی۔
متاثرہ خاتون 70 سالہ ہونمّا مادیو نائک نے بتایا کہ وہ سڑک کنارے واقع اپنے گھر کے باہر کھڑی تھیں، اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد وہاں پہنچے۔ انہوں نے ایک شخص کا نام لیتے ہوئے کورئیر دینے کا بہانہ بنایا۔ جب خاتون نے بتایا کہ اس نام کا کوئی شخص وہاں نہیں رہتا، تو ملزمان نے خود کو مقامی باشندہ اور کورئیر اسٹاف ظاہر کرتے ہوئے پانی طلب کیا۔
خاتون جب گھر سے پانی لا کر دینے لگیں تو موٹر سائیکل کے اگلے حصے پر بیٹھے شخص نے پانی پیا اور دوبارہ پانی لانے کو کہا۔ جیسے ہی خاتون مڑیں، پیچھے بیٹھے شخص نے اچانک ان کے گلے میں پہنی سونے کی چین پر ہاتھ ڈال کر زبردستی کھینچ لی، جس کے بعد دونوں ملزمان تیزی سے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی لُٹیروں نے چین چھینی، خاتون نے چیخ و پکار شروع کردی۔ پل بھر میں پاس پڑوس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے، جبکہ دو نوجوانوں نے موٹر سائیکل پر فرار ہونے والے لُٹیروں کا پیچھا بھی کیا، تاہم ملزمان تیز رفتاری سے موٹر سائیکل چلاتے ہوئے شیرور ٹول گیٹ سے آگے نکل گئے اور نظروں سے اوجھل ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش، دیہی پولیس تھانے کے انسپکٹر منجوناتھ لِنگاریڈی اور دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے جانکاری حاصل کی۔ پولیس نے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ اس تعلق سے دیہی پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔