بھٹکل 30 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں مویشی چوری کے معاملے پر شروع ہوئی بحث و تکرار مبینہ طور پر مارپیٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد بھٹکل شہری پولیس تھانے میں شکایت اور جوابی شکایت درج کی گئی ہے۔
منکولی میں پشپانجلی تھیٹر کے قریب رہنے والی روہنی وینکٹیش نائک (42) کی جانب سے درج شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مویشی کے معاملے پر پرمیشور راما نائک اور روی ننگپا جالی نے انہیں گالیاں دیں اور ان کے ساتھ مارپیٹ کی۔
اس کے جواب میں جالی کے پرمیشور نائک نے جوابی شکایت درج کرائی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ وہ انشورنس پریمیم ادا کرنے کے لیے دیویندر نائک کے کمپیوٹر سینٹر گئے تھے، جہاں روہنی نائک نے پہنچ کر ان کو چپل سے مارتے ہوئے ان کی اہلیہ و اہل خانہ کو گالیاں دیں۔ انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ اس سے قبل واٹس ایپ پر انہیں اور ان کے بیٹے کو تلوار سے کاٹ کر قتل کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔
بھٹکل شہری پولیس نے دونوں شکایات درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔