ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: بالکونی کی دیوار گرنے سے شدید زخمی طالب علم کی موت؛ دو افراد کے خلاف مقدمہ

منگلورو: بالکونی کی دیوار گرنے سے شدید زخمی طالب علم کی موت؛ دو افراد کے خلاف مقدمہ

Sun, 27 Sep 2026 18:04:09    S O News
منگلورو: بالکونی کی دیوار گرنے سے شدید زخمی طالب علم کی موت؛ دو افراد کے خلاف مقدمہ

منگلورو، 27 ستمبر (ایس او نیوز): منگلورو کے ایمّیکیرے علاقے میں طلبہ کے ایک پروگرام کے دوران کنونشن ہال کی پہلی منزل کی بالکونی کی حفاظتی دیوار گرنے سے جو طالب علم شدید زخمی ہوا تھا، دیر رات کو وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ اس کی شناخت 16 سالہ طالب علم محمد شَمّاس کے طور پر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ حادثے میں چار دیگر نوجوان زخمی بھی ہوئے تھے جن کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

حادثہ ہفتہ کو تقریباً 2:50 بجے راما لکشمی نارائن کنونشن ہال والی عمارت میں ہوا تھا جہاں دکشن کنڑا ضلع آل کالج اسٹوڈنٹس یونین کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق پروگرام میں بڑی تعداد میں طلبہ شریک تھے اور ہال میں جگہ کم پڑنے کے باعث بعض طلبہ پہلی منزل کی راہداری میں کھڑے تھے۔ اسی دوران بالکونی کی حفاظتی دیوار کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے ملبے اور گرنے سے کئی طلبہ زخمی ہوئے۔

شَمّاس کو سر پر شدید چوٹ آئی تھی اور اسے فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں علاج کے دوران ہفتہ کی رات تقریباً 11:33 بجے اس کی موت ہوگئی۔ وہ ہالے انگڈی کے رہنے والا اور سینٹ الوسیس پی یو کالج میں کامرس کا طالب علم تھا۔

شَمّاس کے والد محمد الیاس کی شکایت پر منگلورو ساؤتھ پولیس نے عمارت کے مالک پریکشیتھ رائے اور پروگرام کے منتظم دینکر شٹی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ شکایت میں عمارت کی مبینہ خستہ حالت اور پروگرام کے دوران طلبہ کی حفاظت کے لیے مناسب انتظامات نہ کیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Share: