ٹوکیو ، 29/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)جاپان کے موسمیاتی ادارے کے مطابق وسطی ٹوکیو میں منگل کو مسلسل ۳۴؍ ویں روز بارش ہوئی، جو ریکارڈ شروع ہونے کے بعد بارش کا سب سے طویل سلسلہ ہے۔ کیوڈو نیوز نے ادارے کے حوالے سے بتایا کہ جاپانی دارالحکومت میں ۲۷؍ اگست سے روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ قریب آنے والے سمندری طوفانوں، موسمِ خزاں کے ایک مقام پر ٹھہرے ہوئے بارشی محاذ اور کم دباؤ کے علاقے نے طویل عرصے تک جاری رہنے والی بارش میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس سے قبل مسلسل ۳۳؍ دن بارش کا ریکارڈ ۲۷؍ جون سے ۲۹؍ جولائی ۲۰۱۹ء کے درمیان قائم ہوا تھا۔
موجودہ سلسلے کے دوران سب سے زیادہ بارش ۲۱؍ ستمبر کو ہوئی، جب وسطی ٹوکیو میں ۱۵۶؍ ملی میٹر (۱ء۶؍ انچ) بارش ریکارڈ کی گئی۔ کیوڈو کے مطابق پیر تک وسطی ٹوکیو میں مجموعی بارش ۶۲۹؍ ملی میٹر (۸ء۲۴؍ انچ) تک پہنچ گئی، جو ستمبر کے پورے مہینے کی اوسط بارش سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔ منگل کو مشرقی اور مغربی جاپان کے بڑے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ وسطی جاپان کے فوکوئی پریفیکچر کے علاقے ایچیزن میں منگل کی صبح سویرے ایک گھنٹے کے دوران ۳۰؍ ملی میٹر (۲ء۱؍ انچ) سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
طویل عرصے سے جاری بارش کا یہ سلسلہ فوری طور پر ختم ہونے کی توقع نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق جمعرات کے قریب تک مشرقی جاپان کے بیشتر علاقوں میں بارش جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، جس کی ایک وجہ موسمِ خزاں کا برقرار رہنے والا بارشی محاذ بھی ہے۔ جاپان میں موسمِ خزاں کا بارشی محاذ عموماً اس وقت طویل عرصے تک غیر مستحکم موسم کا سبب بنتا ہے جب مختلف موسمی ہوائیں ملک کے اوپر ایک دوسرے سے ٹکراتی ہیں۔