بھٹکل، 26 ستمبر (ایس او نیوز): انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج، بھٹکل میں طلبہ کو یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) سول سروسز امتحان سے واقف کرانے اور کیریئر کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا گیا۔
کالج کی اسٹوڈنٹ ویلفیئر ونگ کی جانب سے اور رابطہ سوسائٹی، بھٹکل کے اشتراک اور ایس اکیڈمی، منگلورو کے تعلیمی تعاون سے منعقدہ پروگرام میں بی اے، بی کام اور بی ایس سی کے 100 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔
بھٹکل سب ڈویژن کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رانو گپتا، آئی پی ایس، نے بطور مہمان خصوصی شرکت کرتےہوئے سول سروسز میں اپنے سفر کے بارے میں طلبہ کو بتایا اور انڈین پولیس سروس سمیت مختلف سروسز کے لیے اہلیت کے معیار اور تیاری کے تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مین امتحان کے چار جنرل اسٹڈیز پرچوں اور امتحانی شیڈول کے بارے میں بھی طلبہ کو معلومات فراہم کیں۔ سول سروسز میں انتخاب کے دوران جانبداری سے متعلق طلبہ کے خدشات کا جواب دیتے ہوئے رانو گپتا نے کہا کہ انتخاب ذات، مذہب یا برادری کی بنیاد پر متاثر نہیں ہوتا۔
ایس اکیڈمی کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹرعماراحسن سید نے سول سروسز امتحان کے مختلف مراحل، بشمول پریلیمنری امتحان، مین امتحان اور پرسنالٹی ٹیسٹ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے اہلیت کے تقاضوں، تیاری کی حکمت عملی، کوچنگ اور خود مطالعہ کے درمیان انتخاب، اخبارات و حوالہ جاتی کتابوں کے انتخاب اور مختصر نوٹس تیار کرنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
انجمن حامیِ مسلمین کے صدر یونس قاضیا نے پروگرام کی صدارت کی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم میں مستقل مزاجی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور نئے مواقع سے باخبر رہیں۔ انہوں نے طلبہ کو انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کے بعد پروفیسر مشتاق بھاوی کٹی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ پروفیسر محمد غانیم نے نظامت کے فرائض انجام دیے، جبکہ کالج کے پرنسپل یوسف کولا نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام قومی ترانے اور فیڈبیک سیشن کے ساتھ ہوا۔