ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : 22 پرائیویٹ ڈگری کالج ہوجائیں گے بند

منگلورو : 22 پرائیویٹ ڈگری کالج ہوجائیں گے بند

Tue, 23 Dec 2025 12:00:58    S O News

منگلورو ،23 / دسمبر (ایس او نیوز) منگلورو یونیورسٹی کی اکیڈیمک کاونلس نے یونیورسٹی سے ملحقہ 22 پرائیویٹ ڈگری کالجوں کی طرف سے موصولہ ان درخواستوں کو منظوری دی ہے جن میں کالجوں کی انتظامیہ نے خود ہی اپنی طرف سے ان کالجوں کو بند کرنے کی اجازت طلب کی گئی تھی ۔
    
کاونسل کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر پی ایل دھرما نے بتایا کہ مذکورہ کالجوں کی انتظامیہ نے ان کالجوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ البتہ جو طلبہ پہلے سے  ان کالجوں میں داخلہ لے چکے ہیں اور مختلف درجات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ان کے لئے تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی ۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ ان کالجوں کو طلبہ کے لئے مارکس کارڈ کی تصدیق سمیت دیگر تمام ضروری خدمات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 
    
پتہ چلا ہے کہ طلبہ کی طرف سے داخلہ نہ لینے کے علاوہ دیگر کئی عوامل کی وجہ سے ان کالجوں نے یونیورسٹی کے ساتھ اپنے الحاق کی تجدید کے لئے درخواست نہیں دی تھی اور اب کالج انتظامیہ نے انہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ 22 کالج کو بند کرنے کی اجازت دینے کے بعد اب منگلورو یونیورسٹی سے ملحقہ کالجوں کی تعداد گھٹ کر 167 ہوگئی ہے ۔ جن میں 109 پرائیویٹ کالج ہیں جبکہ 32 سرکاری فرسٹ گریڈ کالج، 9 آٹونومس کالج، 13 بی ایڈ کالج اور 4 کانسیٹونٹ کالج شامل ہیں ۔ 


Share: