نئی دہلی،7/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) حکومت نے یکساں سول کوڈ پر وزرا کا ایک گروپ تشکیل دیا ہے۔ اس غیر رسمی جی او ایم یعنی وزرا کے گروپ میں سینئر وزرا کو جگہ دی گئی ہے۔ اس جی او ایم کی سربراہی کرن رجیجو کریں گے اور باقی ممبران اسمرتی ایرانی، جی کشن ریڈی اور ارجن رام میگھوال ہوں گے۔ بدھ کو ان وزرا کی میٹنگ بھی ہوئی۔
یہ وزرا یکساں سول کوڈ سے متعلق مختلف مسائل پر غور و خوض کریں گے۔ کرن رجیجو قبائلیوں سے متعلق مسائل پر، اسمرتی ایرانی خواتین کے حقوق سے متعلق مسائل پر، جی کشن ریڈی شمال مشرقی ریاستوں سے متعلق مسائل پر، جبکہ وزیر قانون ارجن رام میگھوال قانونی پہلوؤں پر غور کریں گے۔ ان وزرا نے اس سلسلے میں شمال مشرق کے کچھ وزرائے اعلیٰ سے بھی بات چیت کی ہے۔
یکساں سول کوڈ پر آگے بڑھنے کی سمت میں مرکزی حکومت کی طرف سے یہ پہلا سنجیدہ قدم ہے۔ پی ایم مودی نے بھوپال میں بی جے پی کے بوتھ کارکنوں کے ساتھ بات چیت میں یکساں سول کوڈ کی وکالت کی تھی۔ اس کے بعد اب مرکزی حکومت نے اس سمت میں ایک قدم آگے بڑھایا ہے۔ ان میں سے کچھ وزرا نے اس سلسلے میں بی جے پی صدر جے پی نڈا سے بھی ملاقات کی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو سمجھنا ہوگا کہ کون سی سیاسی جماعتیں یہ کام کر رہی ہیں۔ اگر ایک گھر میں ایک رکن کے لیے ایک اور دوسرے کے لیے دوسرا قانون ہو تو کیا گھر چل سکے گا؟ تو ایسے دوہرے نظام کے ساتھ ملک کیسے چلے گا؟ یہ لوگ ہم پر الزام لگاتے ہیں۔ اگر وہ مسلمانوں کے سچے خیر خواہ ہوتے تو مسلمان پیچھے نہ رہتے۔ سپریم کورٹ بار بار یونیفارم سول کوڈ لانے کا کہہ رہا ہے لیکن یہ ووٹ بینک کے بھوکے لوگ ایسا نہیں کرنا چاہتے۔‘‘