ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سی ایم سی میں بے کار پڑی ہے 30 لاکھ روپے کی نئی ہیٹاچی مشین - کرایے کی جے سی بی پر خرچ ہو رہے ہیں لاکھوں روپے

بھٹکل سی ایم سی میں بے کار پڑی ہے 30 لاکھ روپے کی نئی ہیٹاچی مشین - کرایے کی جے سی بی پر خرچ ہو رہے ہیں لاکھوں روپے

Sat, 27 Jun 2026 11:15:36    S O News
bhatkal=hitachi-jcb

بھٹکل ، 27/ جون (ایس او نیوز) بھٹکل سٹی میونسپل کاونسل میں کچرا اور ملبہ ہٹانے کے علاوہ نالوں وغیرہ کی صفائی میں کام آنے والی 30 لاکھ روپے قیمت کی نئی ہیٹاچی مشین موجود رہنے کے باوجود سڑک کنارے نالے صاف کرنے اور کچرا ہٹانے کے لئے باہر سے جے سی بی مشین لائی جا رہی ہے جس پر کرایے کی شکل میں لاکھوں خرچ ہو رہے ہیں ۔

اس عجیب صورت حال کی وجہ یہ بتائی جار ہی ہے کہ ہیٹاچی مشین لے جانے کے لئے کیریئر کی ضرورت ہوتی ہے اور اسے چلانے کے لئے تربیت یافتہ ڈرائیور بھی سی ایم سی کے پاس موجود نہیں ہے ۔

سابق ٹی ایم سی کاونسلروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال قبل پرانی جے سی بی مشین خراب ہو جانے کے بعد  ٹی ایم سی کی جنرل باڈی میٹنگ میں منظّور شدہ تجویز کے مطابق نئی ہیٹاچی مشین خریدی گئی تھی مگر تا حال اسے چلانے کے لئے تربیت یافتہ ڈرائیور کا تقرر نہیں ہوا ہے ۔ اس لئے نئی مشین کو ساگر روڈ پر واقع کچرا نکاسی مرکز میں ایک شیڈ کے اندر یونہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔

دوسری طرف سی ایم سی کے افسران کی دلیل یہ ہے کہ "ہیٹاچی ایک چھوٹی مشین ہے ۔ اسے ایک جگہ سے دوسری جگہ پر لے جانے کے لئے دوسری گاڑی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ چونکہ سی ایم سی کے پاس ایسی گاڑی موجود نہیں ہے اس لئے ہیٹاچی کو شیڈ میں رکھا گیا ہے ۔ اس مشین کو چلانے کے لئے تربیت یافتہ ڈرائیور کی ضرورت ہے ۔ فی الحال سی ایم سی میں عملے کی کمی ہے اور ہیٹاچی چلانا ڈرائیور بھی نہیں ہے ۔"

ٹی ایم سی کے سابق نائب صدر قیصر محتشم کا کہنا ہے کہ "ایک طرف ہر سال نالوں کی صفائی کے لئے کرایے کی جے سی بی مشینیں لائی جاتی ہیں اور لاکھوں روپے کرایے کی صورت میں خرچ کیے جاتے ہیں، اور دوسری طرف 30 لاکھ روپے کی بالکل نئی ہیٹاچی مشین کو دھول چاٹنے کے لئے یونہی چھوڑ دیا گیا ہے ۔

اس طرح ہر سال کرایے پر لاکھوں خرچ کرنے کی جگہ اگر ہیٹاچی مشین لانے لے جانے والی گاڑی خریدی جائے اور ایک تربیت یافتہ ڈرائیور کا تقرر کیا جائے تو سی ایم سی کے اخراجات میں بچت ہو سکتی ہے ۔"

اس صورت حال پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے موجودہ سی ایم سی کے کمشنر بابا صاحب مانے نے بتایا کہ ہیٹاچی مشین چلانے کے لئے تربیت یافتہ ڈرائیور نہ ہونے کی وجہ سے اس مشین کا استعمال نہیں ہو رہا ہے ۔ عملے کی بھی کمی ہے ۔ اس مشین کو لانے اور لے جانے کے لئے ضروری گاڑی خریدنے کے ضمن میں فنڈ مختص کیا جائے گا ۔"


Share: