ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / پاسپورٹ فیس میں بڑا اضافہ، یکم جولائی سے نئی شرحیں

پاسپورٹ فیس میں بڑا اضافہ، یکم جولائی سے نئی شرحیں

Fri, 26 Jun 2026 09:27:23    S O News

نئی دہلی، 26 جون (ایس او نیوز): مرکزی حکومت نے پاسپورٹ فیس میں نمایاں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی فیسوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 یا اس کے بعد جمع کرائے جانے والے تمام پاسپورٹ درخواستوں پر ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ فیس میں آخری بار 2012 میں ترمیم کی گئی تھی، جبکہ اب پاسپورٹ (ترمیمی) قواعد 2026 کے تحت مختلف زمروں کی فیسوں پر نظرثانی کی گئی ہے۔

نئی شرحوں کے مطابق 18 سال یا اس سے زائد عمر کے درخواست گزاروں کے لیے 36 صفحات پر مشتمل عام پاسپورٹ یا اس کے ری ایشو کی فیس نارمل اسکیم کے تحت 1,500 روپے سے بڑھا کر 2,500 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ تتکال (فوری) اسکیم کے تحت یہ فیس 3,500 روپے سے بڑھ کر 5,000 روپے ہو جائے گی۔

اسی طرح 60 صفحات والے پاسپورٹ کی فیس نارمل زمرے میں 2,000 روپے سے بڑھا کر 3,500 روپے اور تتکال زمرے میں 4,000 روپے سے بڑھا کر 6,000 روپے مقرر کی گئی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق کھوئے ہوئے یا خراب شدہ پاسپورٹ کے متبادل اجرا کے لیے بھی فیس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔

نئے ضوابط کے تحت 36 صفحات والے گمشدہ یا خراب پاسپورٹ کے متبادل اجرا کی فیس نارمل اسکیم میں 5,000 روپے اور تتکال اسکیم میں 7,500 روپے ہوگی، جبکہ 60 صفحات والے متبادل پاسپورٹ کے لیے بالترتیب 6,000 اور 8,500 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

نابالغ درخواست گزاروں کے لیے بھی فیسوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔ 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے 36 صفحات والے نئے یا ری ایشو پاسپورٹ کی فیس نارمل اسکیم میں 1,750 روپے اور تتکال اسکیم میں 4,250 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح نابالغوں کے گمشدہ یا خراب شدہ پاسپورٹ کے متبادل اجرا کے لیے نارمل زمرے میں 4,250 روپے اور تتکال زمرے میں 6,750 روپے ادا کرنے ہوں گے۔


Share: