بینگلورو ، 27/ جون (ایس او نیوز) حال ہی میں تشکیل شدہ وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار کی کابینہ میں وزارت کا منصب پانے والوں کو برسات کے موسم میں ہنگامی حالات پر قابو رکھنے کے مقصد سے عبوری طور پر مختلف اضلاع کا انچارج بنایا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعلیٰ شیوا کمار نے ریاست میں ضلع سطح پر ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے اور سرکاری سسٹم میں تیزی لانے اور قدرتی آفات کے موقع پر ضلع انتظامیہ کے ساتھ تال میل پیدا کرنے کے مقصد سے اہم فیصلے کیے ہیں ۔
چونکہ برسات کا موسم رفتار پکڑ رہا ہے اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور قدرتی آفات کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مشکل حالات کو سنبھالنے کے لئے وزیر اعلیٰ نے مختلف اضلاع کے لئے عبوری نگراں وزیر مقرر کیے ہیں ۔
پتہ چلا ہے کہ اسی ضمن میں وزیر صحت یو ٹی قادر کو ضلع اتر کنڑا کے علاوہ اڈپی، دکشن کنڑا اور کوڈاگو ضلع کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ یہ قدرتی آفات کے پس منظر میں حالات کو سنبھالنے کے لئے دی گئی عبوری ذمہ داری ہے ، جبکہ اضلاع کے لئے مکمل چارج کے ساتھ ذمہ دار وزراء کی فہرست جلد ہی ظاہر کر دی جائے گی ۔