ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں چوری کی واردات انجام دینے والا ملزم گرفتار - 4.5 لاکھ روپے مالیت مسروقہ زیورات بازیافت

بھٹکل میں چوری کی واردات انجام دینے والا ملزم گرفتار - 4.5 لاکھ روپے مالیت مسروقہ زیورات بازیافت

Sat, 27 Jun 2026 11:19:39    S O News
bhatkal-police-arrrested

بھٹکل ، 27/ جون (ایس او نیوز) شہر کے قدوائی روڈ پر واقع ایک گھر میں چوری کی واردات انجام دینے اور سونے کے زیورات لے کر فرار ہونے والے ملزم کو بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے گرفتار کر لیا اور ملزم کی طرف سے بینگلورو کے بینک میں گروی رکھے گئے 4,50,000 روپے مالیت کے مسروقہ زیورات بازیافت کیے گئے ۔

گرفتار شدہ ملزم کی شناخت فوزان احمد (21 سال) ولد مشتاق احمد ساکن زاہد منزل بدریہ کالونی، بھٹکل کے طور پر کی گئی ہے ۔

چوری کی یہ واردات 8 مئی کو قدوائی روڈ فرسٹ کراس پر واقع محترمہ ناہید اختر زوجہ اطہر احمد بنٹوال مکان میں پیش آئی تھی ۔ اس تعلق سے ٹاون پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت میں محترمہ ناہید اختر نے بتایا تھا کہ ان کے گھر کے پچھلے حصے کی کھڑکی کی کانچ توڑ کر اندر داخل ہونے والے  چوروں نے 5,50,000 روپے مالیت کے سونے کے زیورات اور 10,000 روپے نقد رقم پر ہاتھ صاف کیا ہے ۔

پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ٹاون پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے بدریہ کالونی کے رہنے والے رکشہ ڈرائیور فوزان احمد کو گرفتار کیا ۔ تفتیش کے دوران ملزم نے بتایا کہ اس نے چوری کیے گئے زیورات منپورم فائنانس کی  کے آر روڈ پر واقع شاخ میں گروی رکھے ہیں ۔ ملزم کے اس بیان پر کارروائی کرتے ہوئے گروی رکھے گئے 29 گرام وزنی 4,50,000 روپے مالیت کے مسروقہ زیورات اور ملزم کے پاس سے 20 ہزار روپے نقد بازیافت کر لیے ۔

چوری کی اس واردات میں ملوث ملزم کی گرفتاری اور مسروقہ مال بازیافت کرنے کی کارروائی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن، ایڈیشنل ایس پی -۱ کرشنا مورتی، ایڈیشنل ایس پی -۲ جگدیش ایم اور بھٹکل ڈی وائی ایس پی  گریش کی رہنمائی میں ٹاون پولیس سب انسپکٹر نوین کی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ انجام دی ۔ 


Share: