ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہیمنت سورین نے اپنی اہلیہ کلپنا کے ساتھ سونیا گاندھی سے کی ملاقات، انتخابات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

ہیمنت سورین نے اپنی اہلیہ کلپنا کے ساتھ سونیا گاندھی سے کی ملاقات، انتخابات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

Sat, 13 Jul 2024 17:57:43    S.O. News Service

نئی دہلی، 13/جولائی (ایس او نیوز /ایجنسی) جھارکھنڈ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آج کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی سے دہلی میں ملاقات کی۔ ہیمنت سورین کے ساتھ ان کی اہلیہ کلپنا سورین بھی موجود تھیں۔ اس ملاقات کے دوران جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب سمیت کئی اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

منی لانڈرنگ معاملے میں جیل سے ضمانت پر رِہا ہونے کے بعد ہیمنت سورین پہلی بار سونیا گاندھی سے ملاقات کے لیے دہلی پہنچے۔ ملاقات کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جیل سے آنے کے بعد سونیا گاندھی سے ملاقات نہیں ہوئی تھی، اس لیے ملنے آیا ہوں۔ بی جے پی کے ذریعہ ہر سال 25 جون کو ’یومِ قتل آئین‘ منانے کے اعلان پر جب ہیمنت سورین سے رد عمل مانگا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے لوگ بہت صابر اور مددگار ہوتے ہیں۔ وہ بہت برداشت کرتے ہیں اور جب وہ برداشت نہیں کر پاتے تو ووٹ کے ذریعہ اپنی بات رکھتے ہیں۔ ہیمنت سورین نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اپنے عمل سے عدلیہ کو بے عزت کرنے کا کام کر رہی ہے۔

بہرحال، بتایا جاتا ہے کہ سونیا گاندھی سے ملاقات کے دوران ہیمنت سورین نے رواں سال جھارکھنڈ میں ہونے والے اسمبلی انتخاب سمیت کئی اہم ایشوز پر بات چیت کی۔ اپوزیشن اتحاد (انڈیا) جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخاب جے ایم ایم لیڈر اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے چہرے پر ہی لڑنے والا ہے، اس لیے سورین اور سونیا کی ملاقات کو بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔


Share: