بنگلور وسٹی یونیورسٹی کا دوسرا کانوکیشن،51گولڈمیڈل تقسیم،پروفیسر نثار احمد،ووڈے پی کرشنا اورتارانی چدا نند کو اعزازی ڈاکٹریٹ
بنگلورو، 12/جولائی(ایس او نیوز/ایجنسی) ریاستی گورنر تھاور چند گہلوٹ نے کہا کہ ایک عظیم ہندوستان کی تعمیر میں اگلے25سال اہم ہیں،جس میں ہم تمام کو حصہ دار بننا چاہئے۔ یہاں گنا نا جیوتی آڈیٹوریم میں منعقد بنگلور سٹی یونیورسٹی کے دوسرے کانوکیشن تقریب کی صدارت کر تے ہو ئے گورنر نے اس خیال کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کو75سال گزر نے کے دوران ملک کے تمام شعبہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور اقتصادیت بھی مضبوط ہوئی ہے اور ہندوستان دنیا میں 5واں بڑا اقتصادی طو ر پر ترقی یافتہ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لئے تعلیم میں انسانی اقدار کو شامل کرنا ماہرین تعلیمی پالیسی میکرس اور سماج کی ذمہ داری ہے۔ گورنر نے کہا کہ یونیورسٹیاں صحت کے مسائل کو حل کر رہی ہیں،خصوصی طور پر غریبوں،پچھڑے طبقات کی ترقی اور ماحولیات کے تحفظ کو اہمیت دی جائے۔
مہمان خصوصی جئے دیوا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر سی این منجوناتھ نے کہا کہ فنڈ کی قلت کی وجہ سے تقریباً تمام یونیورسٹیوں میں ریسرچ کی سرگرمیاں ٹھپ پڑ گئی ہیں، اس لئے ریاستی حکومت اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن زیادہ گرانٹ جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا صرف ڈگری یا میڈل حاصل کرنے سے مطمئن نہ ہوں بلکہ انسانی اقدار اور انسانیت کواپنا کر عوامی خدمت انجام دیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ دور میں تعلیم یافتہ افراد ہی جرائم ودیگر توہم پرستی میں مبتلا ہیں۔
اس موقع پر نمایاں تعلیمی خدمت پر پریسی ڈینسی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر نثار احمد،سماجی خدمات کے شعبہ میں کرناٹک گاندھی میموریل فنڈ کے صدر ووڈے پی کرشنا اور ادب کے شعبہ میں قومی شاعر کو ئمپو کی دختر تارانی چدا نند کو گور نر تھاور چند گہلوٹ کے ہاتھوں اعزازی ڈاکٹریٹ سے نوازا گیا۔
بنگلور سٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر لنگراج گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 38طلبا کو 51گولڈ میڈل سمیت یونیورسٹی کے29,914گریجویٹ کو،5,997پوسٹ گریجویٹ سمیت کل 35,911طلبا کو ڈگری سے نوازا جارہا ہے،جن میں 21,239لڑکیاں اور14.672لڑکے شامل ہیں،جبکہ61طلبا نے رینک حاصل کیا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ نئی یونیورسٹی ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی کی جانب سے38گولڈ میڈل اور معطیوں کی جانب سے13گولڈ میڈل دئے جارہے ہیں۔تقریب میں سنٹرل کالج شعبہ کیمسٹری کی پدماوتری وی کے نائر، کر پا ندھی کالج کے شعبہ بی کام کے اجیت کمار،شیشا دری پورم کالج کی بی بی ایم طالبہ دیپتی نے فی کس 3گولڈ میڈل حاصل کئے۔