ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گھر کے دروازہ پرپہنچائی جائیں گی برتھ اورڈیتھ سرٹفیکیٹس،اُڈپی ضلع انچارج وزیر ہیبالکر نے کیا اسکیم کا رسمی افتتاح

گھر کے دروازہ پرپہنچائی جائیں گی برتھ اورڈیتھ سرٹفیکیٹس،اُڈپی ضلع انچارج وزیر ہیبالکر نے کیا اسکیم کا رسمی افتتاح

Mon, 10 Jul 2023 23:46:02    S.O. News Service

اُڈپی، 10 / جولائی (ایس او نیوز) ڈپٹی کمشنر ایم کورما راو کی پہل پر اُڈپی سٹی میونسپل کونسل نے پیدائش اور اموات کی سرٹفیکیٹس لوگوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کی جو اسکیم شروع کی ہے اس کا رسمی افتتاح اُڈپی ضلع انچارج وزیرلکشمی ہیبالکر نے منی پال میں واقع ڈسٹرکٹ آفس کامپلیکس میں کیا۔ 
    
اس اسکیم کےتحت اُڈپی سی ایم سی کے حدود میں پیش آنے والی پیدائش اوراموات کی سرٹفکیٹس متعلقہ افراد کومحکمہ ڈاک کے ذریعہ ان کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی۔ اس تعلق سے سی ایم سی اورمحکمہ ڈاک (انڈیا پوسٹ) کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت سی ایم سی سے تیارسرٹفکیٹس وصول کرنے کے لئے محکمہ ڈاک خاص اہلکار متعین کرے گا۔ 
    
اس اسکیم کو جاری کرنے کا مقصد یہ بتایا گیا ہے کہ اڈپی ضلع کے منی پال اور اڈپی شہرمیں زیادہ اسپتال اورعلاج و معالجہ کی بہترسہولتیں میسر ہونے کی وجہ سے دوردرازمقامات سے بڑی کثیرتعداد میں لوگ یہاں آتے ہیں۔ اس کے علاوہ ملازمت کے تعلق سے بھی بیرونی افراد یہاں قیام پزیرہوتے ہیں۔ اس دوران بچہ کی پیدائش یا کسی مریض کی موت واقع ہونے پرسرٹفیکیٹ کے لئے اسپتال میں درخواست تو فوری طورپردی جاتی ہے، لیکن ایم سی سی کوسرٹفکیٹ تیار کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے۔ اس وجہ سے دوردراز کے لوگوں کو سرٹفکیٹ حاصل کرنے کے لئے واپس اڈپی آنا دشوار ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں یہ تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔ 
    
اس مسئلہ کو حل کرنےاورضروت مندوں کے لئے آسانی پیدا کرنے کے مقصد سے ڈپٹی کمشنر کُورماراو نے اُڈپی سی ایم سی کےسامنے ڈاک کے ذریعہ متعلقہ لوگوں کے گھروں تک سرٹفکیٹس پہنچانے کی تجویز رکھی، جس پر عمل پیرائی شروع ہوگئی ہے۔
    
اس اسکیم کے تحت ضروری دستاویزات کے ساتھ برتھ / ڈیتھ سرٹفکیٹ کے لئے درخواست دینے والے افراد کو ڈاک سے سرٹفکیٹ حاصل کرنے کے لئے 80 روپے کی فیس ادا کرنی ہوگی۔ اس کے بعد سی ایم سی میں سرٹفکیٹ تیار ہونے کے بعد درخواست میں بتائے گئے ایڈریس پرملک بھر میں کسی بھی مقام پر بھیج دیا جائے گا۔ 
    
اس موقع پربات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرکُورما راو نے بتایا کہ دس دن قبل اس اسکیم کی غیر رسمی شروعات کی گئی تھی ، تب سے اب تک 100 سے زائد ڈیتھ اور برتھ سرٹفکیٹس درخواست گزاروں کے پتہ پرمحکمہ ڈاک کے ذریعہ پہنچائے جا چکے ہیں۔ اب ضلع کے تمام بلدیاتی اداروں میں اس اسکیم کو لاگو کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔


Share: