ممبئی ، 26/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) مہاراشٹرا حکومت نے منگل کو سینئر آئی پی ایس افسر قیصر خالد کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے دفتر کی منظوری کے بغیر ممبئ کے مضافات گھاٹ کوپر علاقے میں ہورڈنگ لگانے کے معاملہ میں معطل کئے جانے کا حکم جاری کیا ہے۔واضح رہے کہ 13 مئی کو ممبئی کے گھاٹ کوپر میں ایک ہورڈنگ گرنے سے 17 افراد ہلاک اور 74 سے زائد شہری زخمی ہوگئے تھے۔
حکومت مہاراشٹرا کے محکمہ داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری کی جانب سے جاری کئے گئے چار صفحات پر مشتمل معطل نامہ میں کہا گیا ہےکہ ابتدائ تفشیش سے یہ پتہ چلا ہےکہ جب قیصر خالد ریلوے پولیس کے کمشنر کے عہدئے پر فائز تھے تب انہوں نے بعض اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک لمبی ہورڈنگ لگانے کی اجازت دی تھی اور محکمہ پولیس کے صدر دفتر سے اجازت طلب کئے بغیر ہی اجازت دے دی تھی جو کہ قانون کے اعتبار سے ضروری ہے۔حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ دوران معطلی انھیں ہیڈکواٹر میں روزانہ حاضری دینی ہوگی اور انھیں قانون کے مطابق تنخواہ بھی حاصل ہوگی۔
اس سانحے کے بعد بی جے پی کے سابق رکن پارلیمنٹ کریٹ سومیا نے قیصر خالد کی فوری معطلی کو لےکر شور مچایا تھا جبکہ قیصر خالد نے ان پر عائد تمام الزامات سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ ہورڈنگ لگانے کی اجازت ان سے قبل کے افسران نے دی تھی۔