نئی دہلی ، 5/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ملک بھر میں مانسون کی آمد آمد ہے۔ آئی ایم ڈی نے اگلے 24 گھنٹوں میں اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سمیت 26 ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ملک میں اب تک معمول سے 9 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ گجرات اور راجستھان میں سب سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔ گجرات میں 301 ملی میٹر (معمول سے 111فیصد زیادہ) اور راجستھان میں 170 ملی میٹر (معمول سے 142فیصدزیادہ) بارش ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں سب سے کم بارش ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں 71 ملی میٹر (معمول سے 53فیصد کم) اور آندھرا پردیش میں 78 ملی میٹر (معمول سے 26فیصد کم) بارش ہوئی۔
دہلی میں خراب موسم کی وجہ سے دہلی سے تین پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ ایک فلائٹ لکھنؤ اور دو پروازیں امرتسر ہوائی اڈے پر بھیجی گئیں۔ گروگرام میں موسلادھار بارش سے سڑکیں پانی میں بہہ گئیں۔ دوسری جانب بہار میں نیپال سے آنے والے پانی کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ ہے۔ بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔
ان ریاستوں میں موسلادھار بارش ہوگی: مدھیہ پردیش، راجستھان، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، اتر پردیش، گجرات، دہلی، پنجاب، ہریانہ، سکم، مغربی بنگال، آسام، تریپورہ، میگھالیہ، میزورم، منی پور، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، اوڈیشہ ، چھتیس گڑھ، مہاراشٹر، تلنگانہ، گوا، آندھرا پردیش، کرناٹک، کیرالہ اور تمل ناڈو۔ ان ریاستوں میں ہوگی ہلکی بارش: جھارکھنڈ میں آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوسکتی ہے۔ ان ریاستوں میں موسم صاف رہے گا: مغربی راجستھان، مراٹھواڑ، بہار اور جموں و کشمیر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
جنوبی: ملک کی جنوبی ریاستوں میں اگلے چار دنوں تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ کیرالہ میں 5 جولائی کو مزید بارشیں ہوں گی۔ مغرب : مہاراشٹر، کونکن اور گوا میں اگلے چار دنوں تک بارش کا الرٹ ہے۔ گجرات میں 6 اور 7 جولائی کو بارش ہوگی۔ مشرقی اور شمال مشرق: اوڈیشہ میں 5 سے 7 جولائی تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگلے چار دنوں تک اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور میں بارش ہوگی۔ شمال مغربی: اتراکھنڈ میں اگلے چار دنوں تک بارش کا امکان ہے۔ اتر پردیش میں 5 جولائی کو زبردست بارش ہوگی۔ ہماچل پردیش میں 5 اور 6 جولائی کو بارش کا الرٹ ہے۔