ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس نے پھونک دیا ’لوک سبھا انتخاب‘ کا بگُل! مہاراشٹر سے آغاز، 4 گھنٹے چلی پارٹی لیڈران کے ساتھ اعلیٰ کمان کی میٹنگ

کانگریس نے پھونک دیا ’لوک سبھا انتخاب‘ کا بگُل! مہاراشٹر سے آغاز، 4 گھنٹے چلی پارٹی لیڈران کے ساتھ اعلیٰ کمان کی میٹنگ

Wed, 12 Jul 2023 13:22:28    S.O. News Service

نئی دہلی، 12/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) لوک سبھا انتخاب 2024 میں اب زیادہ وقت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سبھی پارٹیاں منصوبہ بندی میں مصروف ہو گئی ہیں۔ اس درمیان کانگریس پارٹی نے لوک سبھا کی تیاریوں کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اس کی شروعات مہاراشٹر سے کی ہے۔ 11 جولائی کو کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں سابق کانگریس صدر راہل گاندھی، کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، ریاستی کانگریس صدر نانا پٹولے، ریاستی انچارج ایچ کے پاٹل، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، اشوک چوہان اور سینئر لیڈر مکل واسنک سمیت کئی دیگر لیڈران موجود رہے۔

اس میٹنگ کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی واشنگ مشین کا استعمال کر کے مہاراشٹر کے وقار کو ٹھیس پہنچانے کا کام کیا ہے۔ مہاراشٹر کی عوام بی جے پی کے ذریعہ مینڈیٹ پر لگاتار حملوں کا سخت سیاسی جواب دے گی۔ کانگریس پارتی کے لیڈران اور کارکنان مہاراشٹر کی عوام کو اس کی اپنی حکومت واپس دلائیں گے۔ کانگریس پارٹی مہاراشٹر کی عوام کے من میں اپنی جگہ ہمیشہ سے بنائے ہوئے ہے۔ مہاراشٹر اور کانگریس کے باوقار رشتے کو ہم مزید مضبوط کریں گے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اس میٹنگ سے متعلق ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ مہاراشٹر پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے۔ مہاراشٹر میں پارٹی کو مضبوط کرنا ہے۔ مہاراشٹر میں کانگریس پارٹی کا دھیان پارٹی کو مضبوط کرنے اور لوگوں کی آواز اٹھانے پر مرکوز ہے۔ ہم مل کر یہ یقینی بنائیں گے کہ مہاراشٹر کے اقتدار پر بیٹھی عوام مخالف حکومت کی شکست ہو۔

مہاراشٹر کو لے کر ہوئی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کانگریس پارٹی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا تجزیہ کر چکی ہے۔ آج سے کانگریس پارٹی نے مہاراشٹر سے لوک سبھا انتخاب کی تیاری شروع کر دی ہے۔ میٹنگ میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ مہاراشٹر کے لیڈران متحد ہو کر کانگریس کو مضبوط کریں۔ اس دوران میٹنگ میں راہل گاندھی نے مہاراشٹر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے اپنے تجربات بھی شیئر کیے اور کہا کہ مہاراشٹر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ پورے ملک میں بہترین یاتراؤں میں سے ایک تھی۔

بہر حال، کے سی وینوگوپال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک سینئر لیڈر کی قیادت میں ستمبر ماہ سے مہاراشٹر کے ہر ضلع مین ایک بڑی پدیاترا نکالے گی۔ نومبر، دسمبر میں سبھی لیڈروں کے ساتھ بس یاترا بھی نکالی جائے گی۔ مہاراشٹر کے ہر ایک لوک سبھا حلقہ کی ذمہ داری سینئر لیڈروں کو دی جا رہی ہے۔ کے سی وینوگوپال کا کہنا ہے کہ بی جے پی مہاراشٹر میں جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی جے پی ای ڈی، سی بی آئی، آئی ٹی اور پیسوں کے دم پر پارٹیوں کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس کا بی جے پی پر منفی اثر پڑے گا۔ مہاراشٹر میں عوام بی جے پی کو شکست دینے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ کانگریس پارٹی مہا وکاس اگھاڑی اتحاد میں آئندہ انتخاب لڑے گی۔

مہاراشٹر کانگریس صدر نانا پٹولے نے کہا کہ مہاراشٹر میں 48 لوک سبھا سیٹوں پر کانگریس پارٹی کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں۔ جب بھی کوئی اتحاد قائم ہوگا تو ساتھی پارٹیوں کو کانگریس پارٹی کی طاقت ملے گی۔ کانگریس کو ماننے والا بڑا طبقہ مہاراشٹر میں ہے۔ کانگریس پارٹی کے ساتھ جو بھی پارٹی اتحاد میں ہوگی، اس کو فائدہ ملے گا۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر کانگریس ایک ہے اور کوئی بھی پارٹی چھوڑ کر نہیں جائے گا۔ جب بھی مہاراشٹر میں انتخاب ہوں گے، کانگریس سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی، کیونکہ کانگریس کی جڑیں مہاراشٹر میں مضبوط ہیں۔


Share: