کاروار، 8 / جولائی (ایس او نیوز) کل ودھان سبھا میں ریاستی وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے جو بجٹ پیش کیا ہے اس میں شمالی کینرا کے لئے بہت سی اسکیموں اور سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے اس کے لئے بڑے پیمانے پر فنڈ مختص کیا گیا ہے ۔
ماہی گیر خواتین کے معاشی استحکام کے لئے بینکوں سے غیر سودی قرضہ کی حد 50 ہزار روپوں سے بڑھا کر تین لاکھ روپے کر دی گئی ہے ۔ ماہی گیر کشتیوں کے لئے سبسیڈی کے ساتھ جو ڈیڑھ لاکھ کلو لیٹر ڈیزل فراہم کیا جاتا ہے اس کی حد بڑھا کر دو لاکھ کلو لیٹر کی گئی ہے ۔ مٹی کے تیل سے چلنے والی ماہی گیر کشتیوں کو پیٹرول / ڈیزل انجن میں بدلنے کے لئے 50 ہزار روپے فی کس مالی تعاون دیا جائے گا ۔ اس اسکیم کے تحت امسال 4 ہزار ماہی گیر کشتیوں کو انجن بدلنے کی مدد میں 20 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ مچھلی پالن اور جھینگا پالن کو بڑھاوا دینے کے لئے اسکیم لاگو کی جائے گی ۔
ماہی گیر بندرگاہوں کو ترقی دینے کی اسکیم کے تحت شمالی کینرا کے کینی میں ڈیپ واٹر گرین فیلڈ بندر تیار کیا جائے گا ۔ منکی میں ہمہ مقصدی بندر کی ترقی کے امسال منصوبہ بنایا جائے گا ۔ ماہی گیر کشتیاں لنگر انداز کرنے کے مقامات پر ندی سے مٹی اور کیچڑ نکالنے کی کارروائی انجام دی جائے گی ۔ اسی طرح بھٹکل ، ہوناور، بیلے کیری ، ملپے اور کنداپور کی بندرگاہوں کے پاس دو سال میں ایک مرتبہ مٹی اور کیچڑ نکالا جائے گا ۔ چھوٹی بندرگاہوں کو تحارتی بندرگاہوں میں بدلنے کے منصوبے تیار کیے جائیں گے ۔
دوسرے اضلاع کے ساتھ اتر کنڑا میں بھی پہاڑی علاقوں میں کاشت کاری کی جو فصلیں ان کے نقل و حمل کے لئے چار پہیہ پِک اٰپ وین خریدنے کے لئے 4% سود کے ساتھ 7 لاکھ روپے قرضہ دیا جائے گا ۔ پینے کے پانی مسئلہ مستقل طور پر حل کرنے کے لئے اتر کنڑا سمیت دیگر اضلاع میں 172 اسکیمیں وضع کی جائیں گی جس پر 770 کروڑ روپے خرچ ہونگے ۔
'آشا کرن' اسکیم کے تحت آنکھوں کے علاج و معالجہ کی سرگرمیاں مرحلہ وار چلائی جائیں گی ۔ سال 2023-24 میں دیگر چند اضلاع کے ساتھ اتر کنڑا میں اس کی مہم چلے گی جس پر جملہ 21 کروڑ روپے خرچ ہونگے ۔ امسال میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں کو ترقی دینے کے لئے 450 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ۔ جن مقامات پر 450 بستروں والا اسپتال بنانا مقصود ہے ان میں کاروار کو بھی شامل رکھا گیا ہے ۔
چھوٹی صنعتوں کی ترقی کے لئے جو منصوبہ بنایا گیا ہے اس میں ضلع شمالی کینرا کا کوڈکنی بھی شامل ہے ۔ شمالی کینرا، اڈپی اور دکشن کنڑا جیسے ساحلی اضلاع میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے منصوبے عمل میں لائے جائیں گے ۔ ضلعی سطح تمام سرکاری دستاویزی امور اور اسکیموں سے متعلقہ امور کو دہی ایک ہی مرکز پر انجام دینے کے مقصد سے ضلع انتظامیہ کی عمارت میں کمرے تعمیر کیے جا رہے ہیں ۔ دیگر اضلاع کے ساتھ اتر کنڑا میں بھی امسال یہ توسیعی تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا ۔ فاَئر اینڈ ایمرجنسی سروس کے تحت امسال جن شہروں میں 3G فائر اسٹیشن قائم کیے جائیں گے ان میں شمالی کینرا کا بھٹکل شہر بھی شامل ہے ۔