ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کئی اگنی ویر درمیان میں ہی ٹریننگ چھوڑ رہے ہیں،کچھ کو چھٹیوں کے سبب رخصت کردیا گیا

کئی اگنی ویر درمیان میں ہی ٹریننگ چھوڑ رہے ہیں،کچھ کو چھٹیوں کے سبب رخصت کردیا گیا

Mon, 10 Jul 2023 12:01:53    S.O. News Service

نئی دہلی، 10/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) ہندوستانی فوج میں اگنی ویر کی شکل میں شامل ہوئے کئی نوجوان ٹریننگ درمیان میں ہی چھوڑ کر اپنے گھر چلے گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریننگ درمیان میں چھوڑ کر گھر واپس جانے والوں کیلئے فی الحال کوئی اصول تیار نہیں کیا گیا ہے۔ٹریننگ کر رہے اگنی ویروں میں ایک طرف ایسے ٹرینی ہیں  جنہوں نے بہتر موقع ملنے کی وجہ سے ٹریننگ چھوڑ کر فوج کو الوداع کہہ دیا تو دوسری طرف وہ ہیں  جنہیں ۳۰؍دن یا اس سے زیادہ کی میڈیکل لیو  پر رہنے کی وجہ سے باہر کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے بیچ میں  50سے زیادہ نوجوان ٹریننگ درمیان میں ہی چھوڑ کر چلے گئے کیونکہ انہیں دوسری جگہ اچھی ملازمت مل گئی۔ 

 واضح رہے کہ ہر اگنی ویر کو ٹریننگ شروع ہونے کے ساتھ ہی ہر ماہ تقریباً 30ہزار روپے تنخواہ ملنی شروع ہو جاتی ہے۔ لگاتار ٹریننگ چھوڑنے والے اگنی ویروں کو دیکھتے ہوئے فوج اس بات پر غور کر رہی ہے کہ ایسے نوجوانوں سے ٹریننگ میں آئے خرچ کی وصولی کی جائے۔ اس تعلق سےایک فوجی افسر نے کہا کہ ٹریننگ کا خرچ وصول  کئے جانے کا اصول اگر طے کیا جاتا ہے تو صرف وہی نوجوان اگنی ویر بننے آئیں گے جو فوج میں شامل ہونے کیلئے سنجیدہ ہوں گے۔ بہرحال، ہندوستانی فوج میں اگنی ویر کے پہلے بیچ کی ٹریننگ مکمل ہو گئی ہے اور آئندہ ماہ یہ اگنی ویر فوج کی الگ الگ یونٹ میں پہنچ جائیں گے۔

 دوسری طرف کانگریس نےاگنی ویر منصوبہ کے حواالہ سے مرکز پر تنقید کی ۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ  اس اسکیم کی بنیاد ہی غلط ہے۔ اس نے ملک کی خدمت کرنے کے نوجوانوں کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا ہے۔ 


Share: