پتور، 12 / جولائی (ایس او نیوز) پتور کے مختلف گرام پنچایتوں اور سٹی میونسپالٹی کے نقلی لیٹر ہیڈ اور نقلی مہریں لگا کر جعلی دستاویزات بنانے والے ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا ہے جس کی شناخت وشوا ناتھ کے طور پر کی گئی ہے جو بی بی الیکٹرانکس اینڈ پلمبنگ کے نام سے پتور - اپن انگڈی روڈ پر اپنی دکان چلاتا تھا ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ملزم وشواناتھ ایک لائسنس یافتہ کنٹراکٹر ہے ۔ وہ عمارتوں کو بجلی کنکشن فراہم کرنے کے لئے جعلی این او سی بنا کر دیتا تھا جس کے لئے 30 ہزار سے 40 ہزار روپے وصول کرتا تھا ۔ اس نے بے شمار لوگوں کو جعلی این او سی کے ذریعہ بجلی کنکشن دلانے کے علاوہ ٹیکس اور دیگر رقومات بلدی اداروں کو ادا کرنے کی جعلی رسیدیں فراہم کرکے لاکھوں روپے کمائے ہیں ۔
جب ایک شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے تعلقہ پنچایت سی ای او نوین نے وشواناتھ کی دکان پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی تو اس کے قبضے سے پتور، کڈبا، سولیا اور بنٹوال تعلقہ کے تمام ضلع پنچایتوں اور پتور سٹی میونسپالٹی کی 50 سے زائد نقلی مہریں، لیٹر ہیڈس اور جعلی دستاویزات بر آمد کیے گئے ۔
سمجھا جا رہا ہے جن لوگوں نے وشواناتھ کی مدد سے نقلی دستاویزات تیار کرکے بجلی کا کنکشن لیا ہے اور جعلی دستاویزات سے فائدہ اٹھایا ہے ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی ۔