ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راجکوٹ گیمنگ زون حادثہ کا ایشو پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گا، متاثرہ کنبوں سے راہل گاندھی نے کی بات

راجکوٹ گیمنگ زون حادثہ کا ایشو پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گا، متاثرہ کنبوں سے راہل گاندھی نے کی بات

Sun, 23 Jun 2024 12:50:12    S.O. News Service

نئی دہلی، 23/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) گزشتہ ماہ 25 مئی کو گجرات کے راجکوٹ ٹی آر پی گیم زون میں زبردست آگ لگنے سے 27 لوگوں کی جان چلی گئی تھی۔ اس حادثے کے قریب ایک ماہ بعد کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز زوم کال کے ذریعہ متاثرہ کنبوں سے بات چیت کی۔ اس زوم میٹنگ کی ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے۔ اس بات چیت میں راہل گاندھی نے متاثرین سے کہا کہ کانگریس پارٹی ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس بات چیت میں گجرات کانگریس کے ریاستی صدر شکتی سنگھ گوہل بھی جڑے رہے۔ علاوہ ازیں گجرات اسمبلی میں کانگریس کے رکن اسمبلی جگنیش میوانی اور لالجی دیسائی متاثرہ کنبوں کے ساتھ موقع پر موجود تھے۔ کانگریس پارٹی نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آج جَن نایک (عوامی ہیرو) راہل گاندھی نے گجرات کے راجکوٹ گیمنگ زون میں ہوئے دردناک حادثے کے متاثرین سے زوم کال پر بات کی۔ راہل گاندھی نے یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے۔ ہم حکومت پر غیر جانبدارانہ جانچ اور مناسب معاوضہ کے لیے دباؤ بنائیں گے۔ یہ ایشو ہم پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں گے۔‘‘

2 منٹ 38 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں متاثرہ کنبوں نے راہل گاندھی کے سامنے اپنا درد بیان کیا۔ اس کے بعد راہل گاندھی نے پارٹی لیڈران سے پوچھا کہ کانگریس پارٹی متاثرین کے لیے کیا کر رہی ہے؟ اس پر شکتی سنگھ گوہل نے بتایا کہ ہماری پارٹی کے کارکنان اور مقامی لوگوں نے کنڈل مارچ نکالا۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے سٹنگ جج کے ذریعہ غیر بدعنوان آئی پی ایس افسران کی ایس آئی ٹی بنے۔

شکتی سنگھ گوہل نے مزید بتایا کہ 3 دن پارٹی کے کارکنان نے بھوک ہڑتال کی اور 25 جون کو بند کا اعلان بھی کیا ہے۔ ویڈیو کے آخر میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم اس حادثہ کو لے رک حکومت پر غیر جانبدارانہ جانچ اور مناسب معاوضہ کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔ ساتھ ہی پارلیمنٹ میں بھی اس ایشو کو اٹھائیں گے۔‘‘


Share: