ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / داعش نے موصل کے مضافات سے سیکڑوں شہری اغواء کرلیے

داعش نے موصل کے مضافات سے سیکڑوں شہری اغواء کرلیے

Wed, 09 Nov 2016 16:01:47    S.O. News Service

دبئی9؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)عراق کے شمالی شہر موصل میں دہشت گرد تنظیم داعش کو شکست فاش دینے اور شہر کو دہشت گردوں کے قبضے سے چھڑانے کے لیے 17اکتوبر سے فوجی کارروائی جاری ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ عراقی اور اتحادی افواج کی موصل میں پیش قدمی کے باوجود داعش بڑے تعداد میں شہریوں کو یرغمال بنا رہی ہے۔ موصل کے آس پاس اور تلعفر کے مقام سے295افراد کے اغواء کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ترجمان شامدا سانی نے منگل کو ایک بیان میں بتایا کہ انہیں مصدقہ رپورٹس ملی ہیں جن میں یہ بتایا گیا ہے کہ داعش نے تلعفر اور موصل کے آس پاس کے دوسرے مقامات سے تین سوکیقریب شہریوں کو اغواء کیا ہے۔ شمالی شہر سنجار سے30قبائلی عمائد بھی یرغمال بنائے گئے ہیں۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ داعش نے حمام العلیل قصبے سے 1500خاندانوں کو بے دخل کردیا ہے۔اقوام متحدہ کی خاتون ترجمان کے بہ قول جبل سنجار سے داعش نے دو اور تین نومبر کو 30قبائلی عمائدین کو یرغمال بنانے کے بعد چار نومبرکو ان میں سے 18 مغویوں کو قتل کردیا ہے۔مسز شامداسانی نے بتایا کہ فیلڈ میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کے مختلف ذرائع خبریں دے رہے ہیں مگر بہت سی خبریں نامکمل ہیں۔درایں اثناء سوموارکے روز العربیہ چینل کے نامہ نگار نے بتایا تھا کہ عراقی فوج نے موصل کی دائیں جانب ساحلی علاقے پر ایک بڑا حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ حمام العلیل قصبے کو داعش سے آزاد کرانے کے لیے کیا گیا تھا۔ عراقی فوج نے گھمسان کی جنگ کے بعد حمام العلیل کو داعش سے چھڑا لیا ہے۔کردفورسزنے موصل کے نواحی علاقے بعشیقہ کو بھی داعش سے چھڑانے کا دعویٰ کیا ہے۔ کرد فورسزکے ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر کرد فوج اور داعشی جنگجوؤں کے درمیان اکا دکا جھڑپیں جاری ہیں۔ بعشیقہ میں لڑائی کے دوران بڑی تعداد میں جنگجو ہلاک اور بارود سے بھری خود کش حملوں کے لیے تیار کی گئی گاڑیاں تباہ کردی گئی ہیں۔


Share: