نئی دہلی، 10/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جی ایس ٹی کونسل کی 54ویں میٹنگ کل مکمل ہوئی، جو مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی صدارت میں منعقد کی گئی تھی۔ اس اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، مگر بعض دیرینہ مسائل کو فی الحال نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ جی ایس ٹی کونسل کے نئے فیصلوں میں کینسر کی دواؤں، نمکین مصنوعات، اور مذہبی سفر کے لیے ہیلی کاپٹر سروس پر جی ایس ٹی میں کمی کرنے کا اعلان شامل ہے۔
مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی یا مرکزی حکومت کے قانون سے بنی کوئی یونیورسٹی اور ریسرچ سنٹر اگر حکومت یا پرائیویٹ سیکٹر سے فنڈ حاصل کرتی ہیں تو انھیں اس پر کوئی جی ایس ٹی نہیں دینا ہوگا۔ دراصل گزشتہ مہینے یہ خبر آئی تھی کہ آئی آئی ٹی دہلی سمیت مختلف دیگر تعلیمی اداروں کو ریسرچ کے لیے فنڈ پر جی ایس ٹی کا نوٹس ملا ہے۔ اس کے بعد وزارت مالیات کی شدید تنقید ہو رہی تھی۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف جی ایس ٹی انٹلیجنس (ڈی جی جی آئی) نے آئی آئی ٹی دہلی سمیت مجموعی طور پر 7 اداروں کو ٹیکس ڈیمانڈ کا نوٹس بھیج دیا تھا۔
جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ کے بعد ریونیو سکریٹری سنجے ملہوترا نے بتایا کہ نمکین پر جی ایس ٹی اب 18 فیصد سے گھٹا کر 12 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کینسر کی دواؤں پر بھی 12 فیصد کی جگہ 5 فیصد جی ایس ٹی ہی لیا جائے گا۔ اس سے کینسر کی دوائیں کافی سستی ہوں گی اور مریضوں کو راحت ملے گی۔ سنجے ملہوترا نے کہا کہ مذہبی سفر کرنے والے ضعیفوں کے مسائل کو دیکھتے ہوئے سیٹ شیئرنگ کی بنیاد پر ہیلی کاپٹر سروس استعمال کرنے والے مسافروں کو جی ایس ٹی سے راحت دی گئی ہے۔ اسے 18 فیصد سے گھٹا کر 5 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اس سے کیدارناتھ، بدری ناتھ اور ویشنو دیوی جیسے تیرتھ مقامات کے لیے جانے والے عقیدتمندوں کو راحت ملے گی۔
سنجے ملہوترا نے جانکاری دی کہ وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی صدارت میں ریاستوں کے وزرائے مالیات کے ساتھ جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں ہیلتھ انشورنس اور لائف انشورنس کے پریمیم پر لگنے والے جی ایس ٹی کو گھٹانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے بعد اس ایشو کو گروپ آف منسٹرس (جی او ایم) کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ یہ جی او ایم اکتوبر 2024 تک اپنی رپورٹ تیار کر کے دے گا۔ اس مسئلہ پر نومبر 2024 میں ہونے والی جی ایس ٹی کونسل کی میٹنگ میں تبادلہ خیال ہوگا۔ آن لائن پیمنٹ پر جی ایس ٹی کا معاملہ بھی فٹمنٹ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔