بینگلورو 12 / جولائی (ایس او نیوز) سی بی ایس ای کے طرز پر اب ریاستی حکومت نے پی یو سی کے طلبہ کے لئے امتحانات میں انٹرنل 20 مارکس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ اس ضمن میں پی یو سی کے ڈائریکٹر نے حکومت کو تجویز بھیجی تھی جسے منظوری مل گئی ہے۔ اب یہ نیا فیصلہ تعلیمی سال 2023-24 سے پی یو سی سال اول اور دوم کے طلبہ کے لئے ان مضامین پر لاگو ہوگا جس میں پریکٹیکل امتحان نہیں ہوتے۔ اس طرح بنیادی (کور) مضامین میں تھیوری کے لئے 80 اور انٹرنل 20 مارکس کے ساتھ امتحانات میں طلبہ کی جانچ کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امتحانی جانچ کا جو طریقہ تھا پریکٹیکل والے مضامین میں تھیوری کے لئے 70 اور پریکٹیکل کے لئے 30 مارکس ہوتے تھے. جو بنیادی مضامین تھے اس میں 100 مارکس کا سالانہ تحریری امتحانی پرچہ ہوتا تھا۔ اب بنیادی مضامین میں بھی انٹرنل مارکس دینے کی گنجائش کے ساتھ طلبہ کو امتحان پاس کرنے میں آسانی فراہم کرنے کا راستہ نکالا گیا ہے۔
اس نئی اسکیم کے تحت فرسٹ اور سیکینڈ یونٹ ٹیسٹ اور ششماہی امتحان کے نتائج کے ساتھ انٹرنل 10 مارکس مختص کیے جائیں گے۔ ان تینوں امتحانات کے مارکس میں سے جو سب سے اچھے مارکس ہیں اس کا اوسط نکال کر سالانہ امتحانات میں انٹرنل دس مارکس کے لئے شمار کیا جائے گا۔ دوسرے 10 مارکس پروجیکٹ اور دئے گئے کام پورا کرنے اور وائ وا کے سلسلے میں طالب علم کو دئے جائیں گے۔
سرکاری حکم کے مطابق طالب علم کو امتحان پاس کرنے کے لئے 80 مارکس کے تحریری پرچہ میں کم از کم 24 مارکس حاصل کرنا ضروری ہوگا۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ انٹرنل مارکس دینے کی گنجائش صرف باقاعدہ کالج میں تعلیم پانے والے ریگیولر طلبہ کے لئے ہی لاگو رہے گی۔ دوبارہ امتحانات والے اور پرائیویٹ طالب علم کے طور پر رجسٹرڈ طلبہ کے لئے 100 مارکس کا تحریری پرچہ لکھنا لازمی ہوگا ۔