بھٹکل 10 جولائی (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے کا کام مکمل ہونے سے پہلے ہی بھٹکل کی سرحد شیرورسمیت انکولہ اورکمٹہ میں ٹول ناکہ قائم کرکے سواریوں سے ٹول وصولا جارہا ہے۔ جیسا کہ ہم نے کہا ہے ہم اس ٹول وصولی کو بند کردیں گے۔ ہم اپنے بیان پر قائم ہیں۔ یہ بات منکال وئیدیا نے بھٹکل رابطہ پروگرام میں میڈیا والوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ منکال وئیدیا نے کہا کہ کاروار اور بینگا کے درمیان تعمیر شدہ سُرنگ میں برسات ہوتے ہی بڑے پیمانے پر پانی رِسنا شروع ہوگیا ہے، اسی طرح بھٹکل میں نیشنل ہائی وے پرپانی کی نکاسی کا انتظام کئے بغیر ہائی وے کاکام آگے بڑھایاجارہا ہے، حالانکہ شمس الدین سرکل اور رنگین کٹہ سمیت شرالی میں بھاری مقدار میں پانی ہائی وے پر جمع ہورہا ہے، ہائی وے کا کام بعض جگہوں پر مکمل ہی نہیں ہوا ہے اوربعض جگہوں پرنامناسب تعمیری کام کی وجہ سے برسات کے موسم میں ہائی وے پر مصنوعی سیلاب کی کیفیت پیدا ہورہی ہے۔ مگر ان سب کے باوجود تین سالوں سے آئی آر بی کمپنی ٹول وصول کررہی ہے، جو بالکل غلط ہے۔
منکال وئیدیا سے جب پوچھا گیا کہ آپ نے ڈپٹی کمشنر کو ٹول وصولی بند کرانے کا حکم دیا تھا مگر ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ٹول وصولی کو بند کرانے کا اُنہیں اختیار نہیں ہے اور نیشنل ہائی وے کا کام مرکزی حکومت کی طرف سے ہورہا ہے،تو منکال نے کہا کہ بھلے کچھ بھی ہوجائے ہم اس ٹول وصولی کو بند کرکے رہیں گے۔
خیال رہے کہ بھٹکل میں جمعرات کوہوئی میٹنگ کے سنیچر کو کاروار میں بھی منعقدہ میٹنگ میں آئی آربی کی طرف سے ہورہے غیر معیاری کام پر سوالات اُٹھائے گئے تھے اور کاروار رکن اسمبلی ستیش سئیل نے بھی آئی آربی والوں کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ انہوں نےآئی آر بی والوں کو پوچھا تھا کہ معاہدہ کے مطابق طے شدہ میعاد میں ہائی وے کا کام پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ نئے پُل تعمیر نہ کرتے ہوئے پرانے پُلوں کو ہی استعمال کیا جارہا ہے ۔ بس اسٹاپ ہٹائے گئے ہیں اور ان کی جگہ نئے بس اسٹاپس تعمیر نہیں کیے گئے ہیں۔ جس طرح بھٹکل میں وزیر منکال وئیدیا نے ڈپٹی کمشنر کو ٹول وصولی بند کرنے کا حکم دیا تھا، کاروار میں بھی ہائی وے کے نامکمل کاموں کی تفصیلات سامنے لانے کے بعد پھر ایک بار منکال وئیدیا نے ڈپٹی کمشنر پر زور دیا تھا کہ وہ ہائی وے کا کام مکمل ہونے تک ٹول پر کی جارہی وصولی کو بند کرے۔ مگر اتوار کو ہمیشہ کی طرح ٹول وصولی جاری رہی تو میڈیا والوں نے ڈپٹی کمشنر سے اس تعلق سے سوال کیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہائی وے کی ٹول وصول پر روک لگانے کا انہیں اختیار نہیں ہے۔
اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وزیر منکال وئیدیا آگے کیا قدم اُٹھاتے ہیں۔