ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں سرکاری افسران کے تبادلے کا مطالبہ - آر ٹی آئی فورم کی طرف سے دھرنا

بھٹکل میں سرکاری افسران کے تبادلے کا مطالبہ - آر ٹی آئی فورم کی طرف سے دھرنا

Sat, 21 Sep 2024 13:14:57    S.O. News Service

بھٹکل، 21/ ستمبر (ایس او نیوز) پچھلے دس تا پندرہ سال سے بھٹکل تحصیلدار اور اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں خدمات انجام دینے والے افسران اور عملے  کے  تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے آر ٹی آئی جہد کاروں اور سماجی خدمت گاروں کے فورم سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے پرانے تحصیلدار دفتر کے سامنے دن رات دھرنا شروع کیا ہے ۔
    
 آر ٹی آئی جہد کاروں اور سماجی خدمت گاروں کی ریاستی تنظیم سے وابستہ مقامی کارکنان نے اس سے قبل کاروار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے اس مطالبہ کے ساتھ ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم دیا تھا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں دھرنا دینے کی بات کہی تھی ۔ اسی کے مطابق کل سے یہ دھرنا شروع کیا گیا ہے ۔
    
کل شام تحصیلدار ناگ راج نائکڈ نے دھرنے کے مقام پر پہنچ کر مظاہرین سے بات چیت کی ۔ اس موقع پر مظاہرین نے تحصیلدار سے کہا کہ گزشتہ مہینے 23 تاریخ کو ہم نے ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم دیتے ہوئے برسہا برس سے بھٹکل تحصیلدار اور اے سی آفس میں تعینات افسران اور عملے کا تبادلہ کرنے اور انتظامیہ کو شفاف رکھنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ بصورت دیگر ہماری طرف سے احتجاجی دھرنے کی بھی بات کہی تھی ۔ لیکن ایک مہینہ گزرنے کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ اس لئے دھرنا دینا ضروری ہوگیا ۔
    
مظاہرین نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیر کے دن تک ضلع انتظامیہ کی طرف سے اس ضمن میں  کارروائی ہوتی تو پھر ہم لوگ بھوک ہڑتال شروع کرنے کے لئے بھی تیار ہیں ۔ 
    
تحصیلدار نے مظاہرین کو بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر میں ملاقات کے لئے آیا ہوں ۔ ضلع انتظامیہ نے ریوینیو ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دے رہے افراد کے تعلق سے تفصیلات طلب کی ہیں ۔ جلد ہی اس تعلق سے بہتر فیصلہ کیا جائے گا ۔ 
    
مظاہرین نے تحصیلدار کی بات ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تعلقہ یا ضلع انتظامیہ جو بھی کارروائی کرے گی اس تعلق سے ہمیں تحریری جواب ملنا چاہیے ۔ جب تک صاف اور واضح حکمنامہ ہمارے ہاتھ میں نہیں آتا تب تک احتجاجی دھرنا جاری رہے گا ۔ 
    
اس موقع پر آر ٹی آئی جہد کار ناگیش نائک، ناگیندرا نائک، شنکر نائک، راجو نائک، وسنت دیواڈیگا، دیپک نائک، مادیوا نائک وغیرہ موجود تھے ۔ 


Share: