بھٹکل 18/جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل سمیت ضلع اُترکنڑا اور پڑوسی اضلاع اُڈپی اور دکشن کنڑا میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کو بارش میں تھوڑی کمی دیکھی جارہی تھی مگر وقفے وقفے سے زوردار بارش ہورہی تھی، مگر آج جمعرات کو صبح سے ہی زوردار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے پھر ایک بار ضلع اُترکنڑا میں ریڈ الرٹ کا انتباہ جاری کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے احتیاطی اقدامات کے پیش نظر بھٹکل، ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار کے اسکولوں اور پی یو کالجوں میں پھر ایک بار چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
زوردار بارش کے نتیجے میں ایک طرف رنگین کٹہ نیشنل ہائی وے پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہورہا ہے تو وہیں نشیبی علاقوں بھٹکل اولڈ بس اسٹینڈ، مین روڈ اور ماری کٹہ میں بھی پانی جمع ہورہا ہے، مگر بارش رُکنے کے ساتھ پانی بھی خالی ہورہا ہے۔
مسلسل ایک ہفتے سے جاری بارش کے نتیجے میں بھٹکل چوتنی ندی میں پانی خطرے کے نشان کو چھو رہی ہے، البتہ پانی خطرے کے نشان سے اوپر نہیں پہنچا ہے، لیکن ہوناور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار وغیرہ علاقوں میں بارش سے کئی نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے سے سینکڑوں لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا گیا ہے، کئی علاقوں میں دیہاتیوں کو راحت سینٹر میں بھی پناہ دی گئی ہے۔