اڈپی، 15 / جولائی (ایس او نیوز) اڈپی میں تیز برسات کا سلسلہ ابھی جاری ہے جس کے دوران کل اتوار کے دن ہوئی مسلسل برسات کی وجہ سے دس سے زیادہ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے جس مجموعی اندازہ 3.84 روپے لگایا گیا ہے ۔
گھروں کو نقصان پہنچنے کے معاملات اڈپی تعلقہ ، کنداپور تعلقہ ، بیندور تعلقہ وغیرہ میں پیش آئے ۔ تیز برسات اور ہواوں کی وجہ سے سے گھروں کی دیواریں گرنے، چھتوں پر درختوں کے گرنے جیسے واقعات ہوئے ہیں ۔ کڈبا میں تیز ہواوں کی وجہ سے سرکاری اسکول کی چھت اڑ گئی ۔ بیلتنگڈی میں پونچالکٹے پبلک اسکول کے کمپاونڈ کی دیوار گر گئی ۔ یہاں نیتراوتی، فالگونی اور کپیلا ندیوں میں طغیانی آئی ہے اور پانی اپنی سطح اوپر بہہ رہا ہے ۔
آگومبے گھاٹ پر چٹان کھسکی : کل اتوار کی دوپہر کو آگمبے گھاٹ کے چوتھے اورپانچویں کراس پر چٹان کھسکنے سے ملبہ کے علاوہ درخت بھی اکھڑ کر ہائی وے پر گر گئے ۔ گھاٹ کا یہ کراس شیموگہ ضلع میں آتا ہے ۔
چٹان کھسکنے کی خبر ملنے پر ہائی وے افسران اور پولیس کے عملے نے جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیا ۔ اس کے بعد فائر سروس کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر سڑک کو ٹریفک کے لئے صاف کرنے کی کارروائی انجام دی ۔
مزید چٹانیں اور زمین کھسکنے کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے آگمبے گھاٹ پر 15 جولائی تک بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی گئی ۔