واشنگٹن 9؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا میں منگل کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات کے ساتھ ساتھ امریکی کانگریس کے انتخابات بھی جاری ہیں۔ امریکی میڈیا نے توقع ظاہر کی ہے کہ پارلیمنٹ میں ریپبلکن اپنی گرفت برقرار رکھیں گے جب کہ سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کو اپنی اکثریت کا دفاع کرنے کے لیے غیر متوقع طور پر سخت مقابلے کا سامنا ہوگا۔امریکا کے دو ٹی وی نیٹ ورک "ABC" اور"NBC" کا کہنا ہے کہ ایوان نمائندگان میں ریپبلکن اپنی گرفت برقرار رکھیں گے جن کو 2011 سے اکثریت حاصل ہے۔ابھی تک سینیٹ میں 16 نشستوں پر جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں ڈیموکریٹس کو فقط ایک نشت حاصل ہوئی ہے۔کانگریس میں پارٹی اکثریت آئندہ صدر کے پالیسیاں وضع کرنے کے حوالے سے ایک اہم عامل ثابت ہوگی خواہ وہ ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن ہوں یا ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ۔سینیٹ میں اکثریت کے لیے ڈیموکریٹس کو 5نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔سینیٹ میں54نشستوں پر ریپبلکنز براجمان ہیں اور 44نشستیں ڈیموکریٹس کے پاس ہیں جب کہ دو نشستوں پر آزاد امیدوار موجود ہیں جن کا جھکاؤ ڈیموکریٹس کی جانب ہے۔